ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا وزیراعظم کو کامیاب دورہ امریکہ پر خراج تحسین

وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات نہایت کامیاب رہی جس کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے،سیدال خان کابیان

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے حالیہ دورہ امریکہ کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔جمعہ کو جاری بیان میںانہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتوں کے ذریعے پاکستان کا موقف بھرپور اور موثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات نہایت کامیاب رہی جس کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کے ساتھ ساتھ دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی، بلوچستان میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور افغانستان سے کی جانے والی دراندازی سمیت اہم عالمی و علاقائی مسائل پر توجہ مبذول کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کے سامنے پاکستان کے موقف کو جس جرتمندی اور حکمتِ عملی سے پیش کیا ہے ،اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم کی سفارتی کوششیں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور وہ ملکی مفاد کے تحفظ کے لئے انتہائی متحرک انداز میں کام کر رہے ہیں۔سیدال خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے بھارت کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے، وہ نہ صرف دہشت گردی میں ملوث ہے بلکہ جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کے خلاف نفرت اور جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے تاہم پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کے ناپاک عزائم اور سازشوں کو ناکام بنا کر عالمی سطح پر اس کے جھوٹ کو بے نقاب کیا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ نے عالمی برادری میں پاکستان کے مقف کو مزید تقویت بخشی ہے جس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔