Live Updates

ہماری خواہش ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں امن ہو، سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ، وفاقی وزیر انجنیئرامیر مقام

بدھ 1 اکتوبر 2025 22:20

بونیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں امن ہو،آخری سیلاب متاثرہ شخص کی بحالی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ، پاکستان نے بڑی سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں، افواجِ پاکستان نے قوم کی دعاؤں سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی، پوری دنیا اور امت مسلمہ کی نظریں پاکستان کی طرف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بونیر میں سیلاب متاثرین کو امدادی چیک دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بونیر کے سیلاب متاثرین میں فی کس 20 لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کئے، انہوں نے عوامی خدمت کو سیاست سے بالاتر قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام اداروں اور لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے کہ کہا کہ ہم سیلاب متاثرین کے ساتھ تھے، ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کیا، پاکستان نے مودی اور مودی سرکار کی فرعونیت کو خاک میں ملا دیاجس سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان کے دوست ممالک چین اور سعودی عرب کو ناراض کیا گیا لیکن اب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ان دونوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات نئی بلندیوں کو پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پورے ملک میں امن قائم ہو، ہم نے آزاد کشمیر کے لوگوں کے آئینی اور قانونی مطالبے تسلیم کئے، آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے معاملات کو خوش اسلوبی سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب نے خیبرپختونخوا، گلگت اور پنجاب سمیت ملک کے کئی علاقوں کو متاثر کیا ہے، ہم نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ صوبائی حکومت کے معاوضے کے علاوہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی متاثرین کی مالی مدد کرنی چاہئے اور وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین کےلیے امداد کا اعلان کیا۔ یہ پہلی بار ہوا کہ صوبائی حکومت کے معاوضے کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت نے بھی معاوضہ دیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات