Live Updates

فیلڈ مارشل کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، ریٹائر ہو کر گھر جائیں گے، صدر یا وزیراعظم ہاؤس نہیں ، رانا ثناء اللہ

نوازشریف وزیراعظم بننا چاہیں تو انہیں کسی سفارش کی ضرورت نہیں، شہبازشریف ان کے قدموں میں وزارت عظمیٰ رکھ دیں گے،مشیروزیراعظم

منگل 7 اکتوبر 2025 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) وزیراعظم کے مشیر،سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، فیلڈ مارشل اپنی مدت پوری کرکے سیدھے گھرجائیں گے، فیلڈ مارشل وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر نہیں جائیں گے، نوازشریف وزیراعظم بننا چاہیں تو انہیں کسی سفارش کی ضرورت نہیں، وزیراعظم شہبازشریف نوازشریف کے قدموں میں وزارت عظمیٰ رکھ دیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کیساتھ کوئی مسئلہ نہیں،پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے اکثر مواقع پر تعاون بھی کیا ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ دشمن سیاسی جماعتیں نہیں،ایک جماعت دشمنی کاجذبہ رکھتی ہے جبکہ ہم نہیں رکھنا چاہتے۔

(جاری ہے)

راناثناء اللہ نے کہاکہ بلاول بھٹو کی بات کو ہم غلط یا درست سمجھیں،انہیں اپنی بات کرنے کا حق ہے، بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین سے متعلق بات کی،مریم نواز کو اچھی نہیں لگی، پنجاب کے معاملے پر بات کرنا مریم نواز کا حق ہے، مریم نواز ، عثمان بزدار نہیں ہیں، بات دور تک نہیں جائیگی،سیاستدان بات نہیں کریگا توکیا کریگا۔

انہوںنے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، فیلڈ مارشل اپنی مدت پوری کرکے سیدھے گھرجائیں گے، فیلڈ مارشل وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر نہیں جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ سیاسی قیادت کواپنے سیاسی مسائل ٹیبل پربیٹھ کرحل کرنے چاہئیں،اس طرف سے کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف وزیراعظم بننا چاہیں تو انہیں کسی سفارش کی ضرورت نہیں، وزیراعظم شہبازشریف نوازشریف کے قدموں میں وزارت عظمیٰ رکھ دیں گے، نوازشریف کا الیکشن سے پہلے فیصلہ تھا کہ اتحادی حکومت کو لیڈ نہیں کروں گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات