سیلاب پر عالمی برادری سے بات نہ کرنا سمجھ سے بالا ہے، وزیراعلی سندھ

سیلاب کے معاملے پر صرف بات ہونی چاہیے تھی، جو بدمزگی ہوئی وہ نہیں ہونی چاہیے تھی، مراد علی شاہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:16

سیلاب پر عالمی برادری سے بات نہ کرنا سمجھ سے بالا ہے، وزیراعلی سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیلاب پر عالمی برادری سے بات نہ کرنا سمجھ سے بالا ہے۔مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے تحت لیڈرشپ کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا دل ہے جب کہ ہمیں موجودہ معاشی و ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔

مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان(میپ)کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میپ نے مینجمنٹ اسکلز کے میدان میں اہم کردار ادا کیا ہے، پروفیشنلز پیدا کیے ہیں اور ورکشاپس کے ذریعے سیکھنے کے عمل کو آگے بڑھایا ہے۔ میپ نے بہتر مینجمنٹ کرنے والے نئے افراد کو موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت نے صوبے میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا جال بچھایا ہے۔ ہم کے فور منصوبے کی جلد تکمیل پر فوکس کر رہے ہیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ ایجوکیشنل وکیشنل اتھارٹی کے ذریعے اسکل ڈیولپمنٹ پر کام کیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت کے سینئر افسران کے لیے میپ نے خصوصی ٹریننگ کا آغاز بھی کیا ہے۔

یہاں موجود افراد مستقبل کے لیڈرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیراعلی یقین دلاتا ہوں کہ سندھ حکومت آسان کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائی ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے معاملے پر صرف بات ہونی چاہیے تھی، جو بدمزگی ہوئی وہ نہیں ہونی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے ہم ذمہ دار نہیں ہیں۔ ارسا کو ختم کرنے سے متعلق کوئی علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں کچے کے علاقے متاثر ہوئے، باقی تمام علاقے محفوظ رہے۔صدر مملکت سے وفاقی وزرا کی ملاقاتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حالات میں وزرا صدر سے ملتے ہیں تو ضرور کوئی بات ہو گی، لیکن اس پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔

پنجاب میں حالیہ سیلاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے زرعی ایمرجنسی اور کاشتکاروں کی بحالی کے لیے اقدامات کی تجویز دی تھی، جس پر وفاق اور پنجاب حکومت عمل کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی تجویز پر ناراض ہونے کی ضرورت نہیں تھی بلکہ عالمی برادری سے رابطہ کیا جانا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں آنے والے سیلابوں میں بھی ایسے ہی اقدامات کیے گئے تھے اور رواں سال کے سیلاب میں کچے کے علاقوں میں پانی آیا مگر نقصان کم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب پر عالمی برادری سے بات نہ کرنا سمجھ میں نہیں آتا۔آخر میں مراد علی شاہ نے سندھ میں صحافی کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔