شہر کا تباہ حال انفرااسٹرکچر، پیپلز پارٹی کی کراچی دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،ْ منعم ظفرخان

جمعہ 10 اکتوبر 2025 19:07

!کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نورحق میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ کے ہمراہ کراچی کے شہری و بلدیاتی مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کا تباہ حال انفرااسٹرکچر پیپلز پارٹی کی کراچی دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

قابض میئر مرتضیٰ وہاب نے یکم ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ 60 دن میں سڑکوں کی استرکاری مکمل ہوگی، لیکن 40 دن گزرنے کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ جہانگیر روڈ، ناتھا خان برج، ایس ایم توفیق روڈ، مرزا آدم خان روڈ،7000فٹ روڈ ، نئی کراچی، ملیر ٹاؤن، ابراہیم حیدری اور لیاری سمیت مختلف علاقوں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں ،جگہ جگہ گٹر ابل رہے ہیں اور شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

ہر سال اربوں روپے سڑکوں کی استر کاری پر خرچ کیے جاتے ہیں لیکن وہ سڑکیں ایک ہی بارش میں بہہ جاتی ہیں ، گزشتہ 15سالوں میں 3360 ارب روپے جو کراچی کی ترقی پر خرچ ہونے تھے، وہ خرچ نہیں کیے گئے۔کریم آباد انڈر پاس کی 4بار تاریخ دی جاچکی لیکن منصوبہ مکمل نہیں ہوا، ریڈ لائین منصوبہ مکمل ہونے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ۔ گرین لائین منصوبے کو بھی تعطل کا شکار کر دیا گیا ہے ،قابض میئر مرتضیٰ وہاب کو ایم یو سی ٹی کی فکر ستارہی ہے ، بار بار اس کی بات کرتے ہیں لیکن کراچی کے 880 ارب روپے کی بات نہیں کرتے ،کراچی کو 28 کروڑ نہیں بلکہ 880 ارب روپے درکار ہیں جو اس کا جائز حق ہے۔

شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نام کی کوئی چیز موجود نہیں لیکن سندھ حکومت کو شہریوں کی سہولت سے زیادہ جرمانوں کے نفاذ کی فکر ہے ،انفرا اسٹرکچر تباہ حال لیکن جرمانے عالمی معیار کے ،موٹرسائیکل کا جرمانہ 5 ہزار، کار کا 15 ہزار اور ہیوی وہیکل کا 20 ہزار روپے تک پہنچا دیا گیا ہے، جماعت اسلامی کراچی کے حقوق کے لیے عدالتوں اور سڑکوں دونوں محاذوں پر جدوجہد جاری رکھے گی۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ صوبائی حکومت فی ٹاؤن 2ارب روپے اور وفاقی حکومت کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے 500ارب روپے مختص کرے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے شہر کی تعمیر و ترقی کے منصوبے مکمل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں 18،18 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے ، اسٹریٹ کرائمز میں خطرناک اضافہ ہوچکا ہے۔رواں سال 68 شہری اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں قتل ہوچکے ہیں، 96 بھتہ خوری کے کیسز رپورٹ ہوئے اور ہزاروں وارداتیں ایسی ہیں جو رپورٹ ہی نہیں ہوتیں۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کدھر ہیں کاروباری افراد ،تاجر اور صنعتکار برادری شدید پریشان ہیں ،ایسے ماحول میں صنعت کا پہیہ کیسے چلے گا انہوں نے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شہریوں کے لیے عذاب بنا ہوا ہے اور مرتضیٰ وہاب بطور چیئرمین اس کے ذمہ دار ہیں۔پیپلز پارٹی 17 سال سے سندھ پر قابض ہے لیکن کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا ۔ اس کے برعکس، جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے 9 ٹاؤنز میں عوامی خدمت کے منصوبوں پر دن رات کام کر رہے ہیں۔

نیو کراچی ٹاؤن میں 600 گلیوں کی تعمیر کا آغاز، گلبرگ ٹاؤن میں ماڈل محلے،بنیادی صحت مراکز، 9 ٹاؤنز میں 171پارکوں کو بحال کیا گیا ،نارتھ ناظم آباد پر بیس بیس سال پرانے سیوریج کے مسائل جماعت اسلامی حل کروارہی ہے جوکہ کے ایم سی کی ذمہ داری ہے ، گلشن ٹائون ،لانڈھی ٹائون ،جناح ٹائون میں بھی سڑکوں کی تعمیر، استر کاری اور پیور بلاک کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے ، اورکزئی اور پنجگور ایجنسی میں ایف سی اور فوج کے جوانوں اور افسران کی شہادت افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،یہ ملک کے محافظ ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کا سدباب کیا جائے ۔

منعم ظفر خان نے میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکریٹری طفیل رند کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ صحافیوں کا تحفظ حکومت اور اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جانا چاہیے۔منعم ظفر خان نے کہاکہ غزہ میں جنگ بندی کے پہلے مرحلے کا آغاز، حماس اور اہلِ غزہ کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

یہ کامیابی ان ہزاروں شہداء، ماؤں، بہنوں، بچوں اور بزرگوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے مسجد اقصیٰ کی ڈھال کا کردار ادا کیا۔ دنیا بھر کے باضمیر انسانوں نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کرکے انسانیت کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔گلوبل صمود فلوٹیلا کے رضاکار خراجِ تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اسرائیلی ناکہ بندی توڑ کر اہلِ غزہ کو امداد پہنچانے کی کوشش کی۔

آج اسرائیل ایک شکست خوردہ قوت بن چکا ہے۔ امریکہ نے اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی کے لیے 21 بلین ڈالرز کی مالی امداد اور جدید اسلحہ فراہم کیا، اقوام متحدہ میں 6مرتبہ قراردادوں کو ویٹو کیا، لیکن وہ بھی اسرائیل کو شکست سے نہ بچا سکا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ 2برس کے دوران مسلسل اہلِ غزہ کے حق میں آواز بلند کی ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے 7 ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت سے 4ہزار 857ٹن امدادی سامان کو 28 طیاروں اور 4 بحری جہازوں کے ذریعے فلسطین بھیجا۔پریس کانفرنس میںسیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، سیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبیسینئر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد بھی موجود تھے ۔