Live Updates

بلوچستان میں پی پی اور(ن) کے درمیان اڑھائی ،اڑھائی سال پاور شیئر نگ کا کوئی معاہدہ نہیں ، موجودہ حکومت پانچ سال مکمل کریگی ،میر صادق عمرانی

اتوار 19 اکتوبر 2025 20:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر و سینئر صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے درمیان اڑھائی ،اڑھائی سال پاور شیئر نگ کا کوئی معاہدہ نہیں ہے، موجودہ حکومت پانچ سال مکمل کریگی ، ایک ماہ بعد پارٹی کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم ترین اجلاس دوبارہ ہوگا، وفاقی حکومت پنجاب اور بلوچستان سے متعلق کیے گئے وعدے پورے نہیں کر رہی، صوبے کے ساحل و سائل کے فیصلوں پر پارلیمنٹ، کابینہ ،عوام کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے ۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو کراچی میں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

میر صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں بلوچستان سمیت ملکی صورتحال اور سیاسی امور پر بات چیت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز ایک انتہائی دلخراش واقعہ تھا جس میں پیپلز پارٹی کے 200جیالے عالمی دہشتگردو ں کا نشانہ بنے یہ ملک میں امن اور جمہوریت پر بہت بڑا حملہ تھا جس کے بعد پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت اور امن دشمن قوتوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاست میں عزت اور نظریاتی سوچ کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں ہم اپنے قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بے نظیر بھٹو کی سوچ اور جدوجہد پر عمل پیرا ہیں اور نظریاتی ، عزت اور بلوچستان کا وقار بلند کرنے کی سیاست کے قائل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام کو دہشتگردوں کے سامنے نتہا نہیں چھوڑے گی ، ہم کل بھی دہشتگردی کے خلاف میدان میں تھے آج بھی ہیں مظلوم عوا م کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے ۔

میر صادق عمرانی نے کہا کہ بھارت کی پشت پناہی میں افغانستان نے پاکستان پر جو جارحیت کی ہے اس میں ہم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں جب تک دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوتا ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی و خوشحالی کے لیے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہماری ترجیح ہے سیاسی اداروں ،مسلح افواج کے ساتھ ملکر بے روزگاری کاخاتمہ اور ترقی و خوشحالی کی منازل طے کریں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے درمیان حکومت سازی کے جو معاہدے ہوئے تھے پر عملدآمد کیا جائے ایسا نہیں ہوسکتا تھاکہ اتحادیوں کے کام بھی نہ ہوں اور انہیں عزت بھی نہ ملے ہم عوامی ایشوز پر بات کرتے رہیں گے اور حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ عوامی مفادات کے معاملے میں اتحادیوں کو سنے اور ساتھ لیکر چلے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت سازی میں اڑھائی ،اڑھائی سال کا کوئی معاہدہ نہیں ہے بلکہ پنجاب حکومت میں حکومتی وسائل برابری کی بنیاد پر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جس پر عملدآمد نہیں ہورہا ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد کرنا چاہتی ہے جس میں سب سے بڑی رکاوٹ پنجاب حکومت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور اور مشن غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے مسلم لیگ(ن) کی حکومت نسل کش حکومت ہے بلوچستان میں سماجی بہبود اور ترقی کے لیے وفاقی حکومت نے گزشتہ دو بجٹ میں کوئی جامع ترقیاتی پروگرام نہیں دیا نہ ہی اہم منصوبے شامل کیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں غیر ملکی مائننگ کمپنیوں کو مائننگ کے لیے زمین الاٹ کی گئی ہے تاہم اس کی منظور پارلیمنٹ ، اسمبلی ، کابینہ سے نہیں لی گئی اور نہ ہی منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وفاقی حکومت سے تحفظات ہیں اور تعلقات کشیدہ ہیں یہ تعلقات اس وقت تک بہتر نہیں ہوسکتے جب تک وفاقی حکومت اتحادیوں کی مشاورت، انہیں ساتھ لیکر چلنے ،عزت دینے کی پالیسی پر عمل پیرانہیں ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کا اگلا اجلاس ایک ماہ بعد دوبارہ ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر 27ویں آئینی ترمیم لائے جانے کی بات ہورہی ہے اس معاملے پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر پسنی کو غیر ملکیوں کو الاٹ کیا جارہا ہے زمین کے مالک بلوچستان کے عوام ہیں لیکن ان کے فیصلے کوئی اور کر رہا ہے ہم ساحل و وسائل کی ترقی چاہتے ہیں لیکن صوبے کے فیصلوں میں یہاں کے عوام کی خواہشات کا بھی خیال رکھا جائے اور انہیں اعتماد میں لیا جانا ضروری ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں موجودہ حکومت پانچ سال مکمل کریگی ۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات