پی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج نماز جمعہ کے بعد دوبارہ ہو گا

جمعہ 7 نومبر 2025 11:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج نماز جمعہ کے بعد دوبارہ شروع ہو گا۔ قبل ازیں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں کمیٹی کا اجلاس جمعرات کراچی میں بلاول ہاؤس میں ہوا۔بلاول ہائوس سے جاری بیان کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے سانحہ کارساز سمیت تمام شہدائے جمہوریت کو خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی اور مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق حکومتی درخواست پر غور کیا گیا ۔ اجلاس کے شرکا نے ملک کی مجموعی صورت حال پر پارٹی قیادت کو تجاویز پیش کیں ۔ اجلاس میں تمام اراکین اور خصوصی طور پر مدعو کئے گئے رہنمائوں نے شرکت کی جن میں صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، فریال تالپور، سید قائم علی شاہ، راجہ پرویز اشرف، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، نثار کھوڑو، سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر، مخدوم جمیل الزمان، منظور وسان اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس نمازجمعہ کے بعد دوبارہ شروع ہو گا اوراس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔