رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات

وزارت خارجہ کے حکام، ڈائریکٹر جنرل فارن افیئرز بحری قزاقوں سے پاکستانی شہری رہا کروانے کے لئے اقدامات کریں، بلاول بھٹو

منگل 28 اپریل 2026 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے بلاول ہائوس کراچی میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عبدالقادر پٹیل نے صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کی جانب سے اغوا کئے گئے ایم ٹی آنر 25 نامی آئل ٹینکر کے پاکستانی قیدیوں کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

عبدالقادر پٹیل نے بلاول بھٹو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بحری قزاقوں کی جانب سے اغوا کیے گئے ایم ٹی آنر 25 نامی آئل ٹینکر کے 17 رکنی عملے میں 10 پاکستانی شہری ہیں۔

(جاری ہے)

بحری قزاقوں کی جانب سے اغوا کیے گئے آئل ٹینکر کے 10 مغوی پاکستانیوں میں سے چھ کا تعلق کراچی اور دیگر کا سوات، باجوڑ، ساہیوال اور مردان سے ہے۔ بحری قزاق عملے پر تشدد کررہے ہیں، عملے کو خوراک کی بھی قلت کا سامنا ہے۔

انڈونیشیا اپنے ملک کے سات شہری رہا کروانے کے لئے بحری قزاقوں سے رابطے میں ہے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بحری قزاقوں کی قید میں پاکستانی شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت خارجہ کے حکام، ڈائریکٹر جنرل فارن افیئرز بحری قزاقوں سے پاکستانی شہری رہا کروانے کے لئے اقدامات کریں۔