Live Updates

کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، معرکہ حق میں ہماری افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، مقررین کا ویبینار سے خطاب

منگل 5 مئی 2026 21:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) معرکہ حق میں پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور قوم نے متحد ہوکر ثابت کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہم مکمل متحد اور ہمہ وقت تیار ہیں، معرکہ حق میں ہماری افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، 2025ء میں پاکستان نے بھارت کو مختلف محاذوں پر شکست دے کر بھارت کے اس بیانیہ کو دفن کر دیا کہ وہ خطہ میں چین کے مقابل قوت ہے، اسی فتح کا نتیجہ ہے کہ پاکستان ایران امریکہ حالیہ جنگ میں اپنی سفارتی کوششوں کی وجہ سے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنا رہا اور امریکہ کے صدر نے پاکستان کے فیلڈ مارشل کو اپنا فیورٹ قرار دیا۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے کوپیئر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام معرکہ حق کے حوالے سے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ویبینار میں کلیدی خطاب سینیٹر مشاہد حسین سید نے کیا جبکہ پینل ڈسکشن میں میجر جنرل سمریز سالک، ایئر مارشل فرحت حسین، وائس ایڈمرل احمد سعید، ایمبیسڈر مسعود خالد اور پروفیسر ڈاکٹر ریاض شاد نے اظہار خیال کیا۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ ترکیہ اور نیپال سے آج ہی واپس ہوئی ہے جہاں پاکستان کے معرکہ حق اور حالیہ سفارتکاری کے حوالے پاکستان کی تحسین سنی، پاکستان اسلامی دنیا کا ایک بڑا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1973ء میں پاکستان میں او آئی سی کا سربراہ اجلاس منعقد ہوا جس میں دنیا بھر سے اسلامی دنیا کے لیڈران شریک ہوئے۔ دوسری اہم کامیابی 1998ء میں پاکستان کا ایٹمی دھماکہ تھا جب پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا سپر پاور بنا۔ تیسرا موقع گزشتہ سال کا تھا جب بھارتی زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردی کے واقعہ کے فوری بعد بغیر تحقیقات کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی۔

اس کے بعد اسی بنیاد پر بھارت نے پاکستان پر حملہ کر دیا جس کا منہ توڑ جواب دے دیا اور اس کے 6 جنگی جہاز مارگرائے جبکہ ٹرمپ نے گزشتہ روز یہ تعداد 11 بتائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس نے اسرائیل عرب جنگوں میں1967ء اور اکتوبر 73 میں دو اسرائیلی جنگی طیارے مار گرائے، اب چینی ٹیکنالوجی اور پاکستانی ٹیلنٹ کا حسین امتزاج تھا۔ اس واقعہ نے پاکستانی قوم کو متحد کردیا اور انہوں نے ثابت کیا کہ جنگ اور دفاع صرف فوج کا کام نہیں پوری قوم اس میں ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا۔پاکستان ترکیہ سعودی عرب اور مصر کا نکتہ نظر ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ کئی دھائیوں سے یہ ہوّا کھڑا کیا ہوا تھا کہ وہ چائنہ کے مقابلے میں طاقت ہے، پاکستان کے فیلڈ مارشل کو ٹرمپ نے اپنا فیورٹ قراردیا جو جنگ اور سفارتکاری دونوں میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونیت اور ہندوتوا ایک ہی شکلیں ہیں، مشرق سے ابھرتے ہوئے سورج کو ذرا دیکھ، نئی صدی مشرق کی ہے۔

چین کے ساتھ مل کر جنگل کے قانون اور جس کی لاٹھی اور اس کی بھینس کے بجائے اقوام متحدہ کے چارٹر کا بول بالا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گلف بہت دولت کا مرکز ہے تاہم یو اے ای کی صورتحال سامنے ہے، پاکستان اور ترکیہ اس خطے کے دفاع کے لئے اہم مقام رکھتے ہیں، یہ قومی فخر کا لمحہ ہے اور اس پر جشن منانے کا موقع ہے، یہی قائد کا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور قوم نے متحد ہوکر ثابت کیا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہم مکمل متحد اور ہمہ وقت تیار ہیں۔

صدر کوپیئر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آمنہ منور اعوان نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان اور قوم کا غیر متزلزل عزم کا اعادہ ہے، دنیا کو بتا دیا کہ ہم ایک قوم ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف پوری قوم متحد ہے، یہ ہماری ویڑنری حکومت اور نڈر دفاعی افواج کی زندہ مثال ہے، دنیا میں کوئی طاقت ایسی نہیں جو پاکستان کو شکست دے سکے۔ ایئر مارشل فرحت حسین نے کہا کہ یہ راتوں رات نہیں ہوا، یہ 2016 میں سٹریٹجک سٹرائیک سے شروع ہوا ہے، دہشت گردی کا الزام پاکستان پر عائد کیا گیا اور پاکستان پر فضائی حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے، ہماری افواج مضبوط ہیں، ہماری افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ایمبیسڈر مسعود خالد نے کہا کہ پاکستانی افواج کے گزشتہ مئی میں پیشہ وارانہ طور پر پاکستان کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی سرحدوں پر مداخلت کر کے سمجھا کہ انہوں نے اپنا ہدف مکمل کر لیا لیکن ہماری افواج نے ان کا یہ خیال زمین بوس کر دیا، بھارت پاکستان سے اس طرح کے جواب کی توقع نہیں رکھتا تھا جیسا کہ ہماری افواج نے جواب دیا۔

ڈاکٹر محمد ریاض شاد نے کہا کہ 2025 میں پاکستان نے بھارت کو مختلف محاذوں پر شکست دے کر بھارت کے اس بیانیہ کو دفن کر دیا کہ وہ خطہ میں چین کے مقابل قوت ہے۔ مہرین الٰہی نے کہا کہ معرکہ حق پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہوں، بھارت کو منہ توڑ جواب دینا بہت ضروری تھا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات