آزاد کشمیر انتخابات میںعوام نے مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کی مہر ثبت کر دی‘ مریم اورنگزیب

یہ فتح عوام، کارکنوں اور قائد محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے‘ سینئر صوبائی وزیر کی گفتگو

اتوار 2 اگست 2026 22:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2026ء) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد پر عوام، کارکنوں اور انتخابی عمل میں حصہ لینے والے تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

راولپنڈی میں ممبر قومی اسمبلی و مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما طاہرہ اورنگزیب کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ میرپور میں عوام نے شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ مظفرآباد، پونچھ اور دیگر علاقوں میں بھی کارکنوں نے بھرپور جذبے اور محنت کے ساتھ انتخابی مہم چلائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت، آئین اور ووٹ کی طاقت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔

انتخابات الزام تراشی، دھمکیوں یا بے بنیاد دعوؤں سے نہیں بلکہ عوامی خدمت، کارکردگی اور ووٹر کے اعتماد سے جیتے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے شکست کو بنیاد بنا کر دھاندلی کے الزامات لگانا مناسب طرزِ عمل نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ راولپنڈی میں کشمیر انتخابات کے حوالے سے ریکارڈ ٹرن آؤٹ دیکھنے میں آیا، جو جمہوری عمل پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری ٹیم اور ہر کارکن کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا قائد محمد نواز شریف کی قیادت، سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خدمات اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کو جاتا ہے۔ ملک ابرار، بیرسٹر دانیال چوہدری، سردار محمد نسیم، حنیف عباسی اور دیگر رہنماؤں سمیت تمام کارکنوں نے ایک ٹیم کی صورت میں دن رات محنت کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی خواتین نے بھی مثالی کردار ادا کیا۔

اس موقع پر بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام نے محمد نواز شریف کے بیانیے، خدمت اور ترقی کی سیاست پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پولنگ کیمپوں پر کارکنوں کا جوش و جذبہ اور عوام کی بھرپور شرکت اس کامیابی کی بنیاد بنی۔ اختتام پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے انتخابی کامیابی پر بھرپور جشن منایا۔

کارکنوں نے پارٹی ترانوں پر رقص کیا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور قائد محمد نواز شریف، سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔ ''شیر آیا، شیر آیا'' اور ''جیت گئی مسلم لیگ (ن)'' کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ مریم اورنگزیب نے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عوام کے اعتماد، کارکنوں کی انتھک محنت، ٹیم ورک اور مسلم لیگ (ن) کی خدمت، ترقی اور عوامی فلاح کی سیاست کا ثمر ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عوام کی خدمت کی مزید توفیق عطا فرمائے اور قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔