حکومت نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی بحالی کے خلاف دائر درخواست واپس لے لی ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے ہی فیصلے کے خلاف فیصلہ دیا، عبوری انتظامی کمیٹی ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ذکا اشرف کو بھی بحال کردیا، عاصمہ جہانگیر ، اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ عدالت عبوری نظام کو کس طرح چھیڑ سکتی ہے ، جسٹس ثاقب نثار

ہفتہ 1 فروری 2014 08:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1فروری۔2014ء) حکومت نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی بحالی کے خلاف دائر درخواست واپس لے لی ہے۔چوبیس جولائی کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے عاصمہ جہانگیر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف کی عہدے پر بحالی سے متعلق فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے چئیرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی بحالی کے خلاف حکومتی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے موقع پر عاصمہ جہانگیر نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے ہی فیصلے کے خلاف فیصلہ دیا، عبوری انتظامی کمیٹی ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ذکا اشرف کو بھی بحال کردیا۔

(جاری ہے)

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ عدالت عبوری نظام کو کس طرح چھیڑ سکتی ہے۔

عاصمہ جہانگیر نے بتایا کہ حکومت نے دس جنوری کو نوے روز کیلیے پی سی بی کا کنٹرول عبوری کمیٹی کو سونپ دیا تھا، انٹراکورٹ اپیل میں ذکاء اشرف کی بحالی کا فیصلہ پندرہ جنوری کو جاری کیا گیا۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر ذکا اشرف کی بحالی مان لی جائے تو پھر عبوری کمیٹی کی کیا قانونی حیثیت ہوگی؟۔عاصمہ جہانگیر نے بتایا کہ حکومت کے پاس اختیار ہے۔

۔۔اب بھی قانونی طور پر ہٹا سکتی ہے۔۔۔اِس پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آپ کے پاس یہ اختیار ہے تو عدالت میں اپیل کیوں دائر کی ہے، اختیار ہے تو استعمال کریں۔اس پر عاصمہ جہانگیر نے اپنے دلائل میں کہا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ میں سب ڈرے ہوئے ہیں کہ کہیں وزارت سے کسی عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہ ہو جائے جس پر جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ حکومت کسی عہدیدار کو ہٹانا چاہتی ہے تو ہٹاسکتی ہے۔

دلائل کے بعد وزارت بین الصوبائی رابطہ کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے درخواست واپس لے لی جس کے بعد کیس نمٹا دیا گیا۔واضح رہے کہ چوہدری ذکا اشرف نے اکتوبر 2011 کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تھا اور گزشتہ سال الیکشن کے بعد پی سی بی بورڈ آف کورنرز نے انہیں چیئرمین منتخب کیا تھا۔تاہم ان انتخابات اور ذکا اشرف کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے جولائی 2013 انہیں چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔تاہم رواں ماہ 15 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کردیا تھا۔