آسیان سمٹ میں میانمار کا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے پر زور ،بحیرہ جنوبی چین تنازعے کے حوالے سے تمام فریقین خود کو قابو میں رکھیں اور طاقت استعمال کرنے سے گریز کریں‘مشترکہ بیان

پیر 12 مئی 2014 07:26

ینگون (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء) میانمار کی میزبانی میں منعقد ہونے والی پہلی آسیان سربراہ کانفرنس کے موقع پر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی اِس دَس رکنی تنظیم نے ایک مشترکہ اعلامیے میں بحیرہء جنوبی چین کے تنازعے کے حوالے سے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ ’خود کو قابو میں رکھیں اور طاقت استعمال کرنے سے گریز کریں‘۔ اس سے پہلے ویت نام اور فلپائن نے بحیرہء جنوبی چین میں چین کے جارحانہ طرزِ عمل کے خلاف زیادہ بھرپور اقدامات کے لیے زور دیا۔

(جاری ہے)

اپنے افتتاحی خطاب میں میانمار کے صدر تھین سین نے چین کے ساتھ دیرینہ دوستی کے خیال سے بحیرہء جنوبی چین پر بات کرنے کی بجائے خطے کے ممالک کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف موٴثر اقدامات پر زور دیا۔ خیال رہے کہ سن 2008ء میں میانمار میں سمندری طوفان کی وجہ سے ایک لاکھ 38 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ تھین سین نے کہا کہ ایشیائی ممالک کو قدرتی آفات سے پیشگی آگاہی کے نظام کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔ میانمار سن 1997ء میں آسیان کا رکن بنا تھا تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ وہ آسیان کی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :