مصر کے صدارتی انتخاب میں امریکی اداکار ہاٹ فیورٹ!؟،ٹیوٹر پر مزاحیہ مہم سے مصری انتخاب عوامی دلچسپی کا موضوع بن گیا

پیر 12 مئی 2014 07:30

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء)مصر کے پیش آئند صدارتی انتخاب میں اگرچہ ون ٹو ون مقابلہ ہے، تاہم اس کے باوجود انتخابی معرکہ غیر معمولی گرما گرمی کا عنوان بنتا نظر نہیں آتا۔ تاہم سوشل میڈیا میں ہالی وڈ کے سرکردہ فلمی اداکار کیون سپیسی کو از راہ تفنن مصر کا نیا صدر بنانے کی مہم سے مصر کے پھیکے صدارتی انتخاب میں رنگ بھرنے کی منفرد کوشش جاری ہے۔

فیس بک اور ٹیوٹر جیسے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مصر کے پیش آئند صدر کے لئے چلائی جانے والی اس مزاحیہ مہم میں کیون سپیسی کا نام نمایاں طور پر سامنے آیا ہے۔بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے مصری سیاستدان حمدین صباحی اور ملک کی طاقتور فوج کے سابق سربراہ عبدالفتاح السیسی کی سوشل میڈیا پر انتخابی مہم کے مقابلے میں مقبول عام ہالی ووڈ فلم 'دی ہاوس آف کارڈز' کے اداکار کیون سپیسی کئی گنا آگے ہیں۔

(جاری ہے)

کیون سپیسی کی تصویر 'مصر زندہ باد' اور 'سپیسی برائے صدارت' کے نعروں کے جلو میں سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر امریکی اداکار کی تصویر کے ساتھ ان کا نام 'السپیسی' از راہ تفنن تحریر کیا جا رہا ہے جو دراصل 26 مئی کے صدارتی انتخاب کے متوقع فاتح 'السیسی' کے اصل نام کا بگاڑ ہے۔فلم کے پہلے سیزن میں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والا فلمی کردار انڈر وڈ ایوان میں پارٹی 'ویپ' کے طور پر سامنے آتا ہے، جسے بعد میں وزیر خارجہ بنا دیا جاتا ہے۔

اپنی اس حیثیت میں وہ ان افراد سے بدلا لینے کی ٹھان لیتا ہے جنہوں نے اسے جل دیئے۔دوسرے سیزن کی آخری قسط میں انڈر وڈ امریکا کا 46 واں صدر بن جاتا ہے۔ٹیوٹر پر سپیسی کی مصری صدارتی امیدوار کے طور پر مزاحیہ مہم میں ہزاروں فالوورز دلچسپ تبصروں کے ساتھ شریک ہیں: @KevinSpacey کو مصری صدارت کے لیے ووٹ دیں،میرا ووٹ سپیسی کے لئے" اور "مصری صدر عبدالفتاح السیسی نہیں بلکہ @KevinSpacey کیون سپیسی کا نام مصری سیاست کے لیے اجنبی نہیں۔

فروری 2011ء کے مصری انقلاب جو حسنی مبارک کے تیس سالہ دور اقتدار کے دھڑن تختے پر منتج ہوا۔ اس موقع پر وہ جرمنی کی شہر برلن میں ہونے والی ایک فلمی تقریب میں موجود تھے۔ انہوں نے تقریب میں اپنی موجودگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ "آج شب اس پروگرام کا حصہ بننے پر مجھے خوشی ہے، تاہم مصر میں رونما ہونے والے آج کے واقعہ پر میں زیادہ خوش ہوں۔یاد رہے کہ اپنی شہرہ آفاق ہالی وڈ فل میں کیون سپیسی نے فرینک انڈر وڈ نامی شخص کا کردار ادا کیا، جو بعد میں امریکا کا صدر منتخب ہو جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :