تعمیراتی کام میں مشکلات برازیل کے لئے درد سر بن گئیں،کوئبا کے پانٹانال ارینا میں حفاظتی انتظامات نہ کیے جانے تک بجلی کا کام روک دیا گیا

پیر 12 مئی 2014 07:20

ساوٴ پاوٴلو / برازیل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء) فٹبال ورلڈ کپ سے قبل تعمیراتی کام میں مشکلات برازیل کے لئے درد سربن گئیں، میگا ایونٹ شروع ہونے میں اب پانچ ہفتے رہ گئے لیکن منتظمین تیاریاں مکمل نہیں کرسکے، اب بھی تین اسٹیڈیمز نامکمل ہیں۔تعمیراتی کام میں ہلاک ہونے والے ورکرز کی تعداد 8 تک پہنچ چکی ہے،گذشتہ روز ساؤ پاؤلو ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل کی تعمیر کا کام جزوی طور پر معطل ہوگیا، اس کی وجہ غیرمحفوظ ماحول کو قرار دیاگیا ہے، ٹرمینل مکمل کرنے کیلیے اتوار کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی لیکن اس پر عمل نہیں ہو سکا ، یہ فٹبال ورلڈ کپ میں غیرملکی ٹیموں کی آمد کا مرکزی ایئرپورٹ ہے، اس پر 170 ملین ریاز جرمانہ عائد کیے جانے کا بھی خدشہ ہے، گذشتہ روز ہیوی مشینری سے ہونے والا کام بھاری میٹرئیل کی خطرناک نقل وحرکت کے باعث روکنا پڑا، اس کیلیے ضروری حفاظتی اقدامات نہیں کیے جا سکے تھے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ساؤپاؤلو ایئرپورٹ پر سب سے پہلے 6 جون کو آئیوری کوسٹ فٹبال ٹیم کی آمد شیڈول ہے۔دوسری جانب کوئبا کے پانٹانال ارینا میں حفاظتی انتظامات نہ کیے جانے تک بجلی کا کام روک دیاگیا،ماٹو گروسو اسٹیٹ میں واقع لیبر پراسیکیورٹر آفس کے مطابق گراؤنڈ میں بجلی کا کام کرنے والے کنٹریکٹر ” ایٹل انجینئریا “ کا کہنا ہے کہ ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلیے ضروری اقدامات کرنے پر ہی وہ دوبارہ کام شروع کریں گے، واضح رہے کہ گذشتہ روز اسی گراؤنڈ پر لائٹس کی تنصیب کے دوران کرنٹ لگنے سے 32 سالہ محمد علی مائسل ایفانسو کی ہلاکت ہوگئی تھی، وہ مذکورہ کنٹریکٹر کیلئے کام کرتے ہیں، تعمیراتی کام میں شیڈول سے پیچھے ہونے کے باوجود 18 مئی کو اس اسٹیڈیم کا افتتاح ہونا تھا، یہاں13جون کو چلی اور آسٹریلیا کے میچ سمیت چار مقابلے ہوں گے، برازیل 1950 کے بعد پہلی مرتبہ فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے جا رہا ہے

متعلقہ عنوان :