سکیورٹی خدشات ، اسرائیل نے شام سے متصل علاقہ گولان بند کر دیا

پیر 12 مئی 2014 07:25

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء)اسرائیلی فوج نے اپنے زیر قبضہ گولان کی چوٹیوں کے ایک علاقے کو شام میں جاری خانہ جنگی کے پیش نظر بند فوجی علاقہ قراردے دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی ایک خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ قنیطرہ بارڈر کراسنگ کے نزدیک واقع علاقے کو سکیورٹی وجوہ کی بنا پر بند کردیا گیا ہے۔صہیونی سکیورٹی ذرائع کے مطابق انھیں خطرہ ہے کہ شامی فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی اس علاقے تک بھی پھیل سکتی ہے۔

اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی چوٹیوں سے متصل شام کے جنوبی علاقے قنیطرہ میں اس سال کے آغاز میں باغی جنگجووٴں نے جنوبی محاذ تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔اس میں شامی فوج کے خلاف محاذ آراء پچپن مزاحمتی گروپوں کے قریباً تیس ہزار جنگجو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسرائیل 1969ء کی چھے روزہ جنگ کے بعد سے شام کے ساتھ حالت جنگ میں ہے۔اس جنگ میں اسرائیل نے شام کے گولان کی پہاڑیوں کے بارہ سو مربع کلومیٹر علاقے کو ہتھیا لیا تھا اور بعد میں اس علاقے کو صہیونی ریاست میں ضم کر لیا تھا لیکن اس کی قبضے کی اس کارروائی کوعالمی برادری تسلیم نہیں کرتی ہے۔

مارچ میں گولان پر ایک بم حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے شام کے علاقے میں ایک فضائی حملہ کیا تھا۔اس بم دھماکے میں چار فوجی زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :