مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان کشیدگی جاری، سندھ اسمبلی میں حزب اختلاف بھی تقسیم ،ن لیگ نے تحریک انصاف کے ساتھ حزب اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے سے انکار کردیا، علیحدہ نشستوں کے لئے درخواست

منگل 13 مئی 2014 06:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مئی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان کشیدگی جاری، سندھ اسمبلی میں حزب اختلاف بھی تقسیم ہوگئی، مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کے ساتھ حزب اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے سے انکار کردیا،سندھ اسمبلی میں علیحدہ نشستوں کے لئے درخواست جمع کرادی گئی۔ پیر کو مسلم لیگ(ن) سندھ کے اراکین اسمبلی نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو علیحدہ نشستوں کیلئے درخواست جمع کرادی ہے۔

مسلم لیگ (ن)کے رکن سندھ اسمبلی عرفان اللہ مروت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت دشمن جماعت ہے جو جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے سندھ اسمبلی کے ارکان کو اسلام آباد میں طلب کیا ہے جہاں سیاسی اور تنظیمی امور پر بات چیت متوقع ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف سے الگ بیٹھنے کی درخواست دو ہفتے قبل ان کے منتخب کردہ قائد حزب اختلاف کو سپورٹ نہ کرنے پر دی گئی ہے۔ عرفان اللہ مروت نے اپوزیشن لیڈر بننے کے لئے ہماری بہت منت کی لیکن تحریک انصاف نے مسلم لیگ فنکشنل کا ساتھ دیا۔