سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو قومی ٹیم کا اسپن بالنگ کوچ مقرر، انگلش باؤلنگ کوچ کے عہدے سے فارغ ،سابق ٹیسٹ کرکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی خدمات انجام دیں گے،فیصلہ تین رکنی کوچ کمیٹی کی سفارشات اور ہیڈ کوچ وقار یونس سے مشاورت کے بعد چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کیا ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک ہونا اعزازکی بات ہے، اسی لئے غیر ملکی معاہدوں سے کنارہ کشی اختیار کی ، اپنی 2 سالہ مدت کے دوران وہ اسپنرز کی تربیت کے ساتھ ساتھ بیٹسمینوں کی رہنمائی بھی کریں گے، مشتاق احمد

منگل 13 مئی 2014 06:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مئی۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو قومی ٹیم کا اسپن بالنگ کوچ مقررکردیا انگلش باؤلنگ کوچ کے عہدے سے فارغ ،سابق ٹیسٹ کرکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی خدمات انجام دیں گے۔ اسپین بولنگ کوچ کی پوزیشن کے لئے مقابلہ سابق اسپن بالرز مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کے درمیان تھا۔تین رکنی کوچ کمیٹی کی سفارشات اور ہیڈ کوچ وقار یونس سے مشاورت کے بعد چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے مشتاق احمد کو اسپین بولنگ کوچ مقرر کردیا دوسری جانب انگلش میڈیا کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ایشز کی شکست کے بعد اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد کو فارغ کردیا ایشز میں فاسٹ بولرز کی انتہائی غیر تسلی بخش کارکردگی کے باوجود ڈیوڈ سیکر اپنا عہدہ بچانے میں کامیاب رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز سے قبل اینڈی فلاور کا تقریباً پورا اسٹاف ہی تبدیل کیا جارہا ہے۔ ۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک ہونا اعزازکی بات ہے اور اس کے لئے انہوں نے غیر ملکی معاہدوں سے کنارہ کشی اختیار کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی 2 سالہ مدت کے دوران وہ اسپنرز کی تربیت کے ساتھ ساتھ بیٹسمینوں کی رہ نمائی بھی کریں گے۔

مشتاق احمد نے 1990 سے 2003 تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیسٹ میچز میں 185 جبکہ ون ڈے میں 161 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ وہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے آنجہانی کوچ باب وولمر کے نائب کی حیثیت سے بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں تاہم گزشتہ 5 برسوں سے وہ انگلینڈ کے بالنگ کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔