سیاروں کی ایک نئی قسم ’میگا ارتھ‘دریافت ،اس قسم کا کیپلر 10 سی نامی سیارہ حجم میں زمین سے دوگنااور تقریباً 560 نوری سال کے فاصلے پر ہے،امریکی خلائی سوسائٹی

جمعرات 5 جون 2014 03:57

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)امریکی خلائی سائنس دانوں نے سیاروں کی ایک نئی قسم دریافت کی ہے جسے ماہرینِ فلکیات نے ’میگا ارتھ‘ کا نام دیا ہے،ان میں سے ایک کیپلر 10 سی نامی سیارہ حجم میں زمین سے دوگنا ہے اور اس سے تقریباً 560 نوری سال دور ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میگا ارتھ ان سیاروں کو کہا جاتا ہے جن کی سطح ہماری زمین کی طرح ٹھوس ہوتی ہے تاہم ان کا حجم زمین سے کئی گنا زیادہ ہوتا ہے۔

سیاروں کی اس نئی درجہ بندی کی ضرورت اس وقت محسوس کی گئی ہے جب زمین کی طرح کا ہی ایک اور سیارہ دریافت کیا گیا ہے جس کا حجم زمین کے مقابلے میں 17 گنا زیادہ ہے۔کیپلر 10 سی نامی یہ سیارہ ایک ایسے سورج کے مدار میں گردش کر رہا ہے جو ہم سے تقریباً 560 نوری سال دور ہے۔

(جاری ہے)

سائنس دانوں نے شہر بوسٹن میں امریکی خلائی سوسائٹی کے اجلاس میں اس سیارے کی تفصیلات بتائیں۔

تاہم انھوں نے اعتراف کیا ہے کہ اس سیارے کے بارے میں بہت سے معاملات ان کی سمجھ میں نہیں آ رہے۔

بہت سے سائنس دانوں کا آج تک یہی خیال رہا ہے کہ اتنے بڑے حجم کے سیارے اپنی کشش ثقل کی وجہ سے اتنی ہائیڈروجن گیس جمع کر لیں گے کہ وہ ہمارے نظامِ شمسی کے سیاروں نیپٹیون یا مشتری جیسے ہو جائیں گے۔ہارورڈ سمتھسونیئن سنٹر فار ایسٹروفزکس کے پروفیسر دمیتر ساسیلوف نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سیارے کے لیے ’گاڈزیلا آف ارتھس‘ کی اصطلاح بھی استعمال کی گئی ہے۔

کیپلر 10 سی نام سے معلوم ہوتا ہے کہ اس سیارے کی دریافت امریکی خلائی ایجنسی کی کیپلر خلائی دور بین کے ذریعے کی گئی ہوگی۔یہ دور بین مختلف ستاروں کی روشنی میں معمولی سی کمی کی مدد سے ان کے سامنے سے گزرنے والے سیاروں کو دیکھنے کی کوشش کرتی ہے۔اس طریقے سے نئے دریافت کیے گئے اس سیارے کا قطر 29000 کلومیٹر معلوم ہوا ہے جو کہ زمین کی چوڑائی سے دگنا سے بھی زیادہ ہے، تاہم اس کی کمیت کا پتہ نہیں چلا۔قطر اور کمیت کو ملا کر معلوم یہ ہوا ہے کیپلر 10 سی گیس کا نہیں بلکہ انتہائی ٹھوس مواد کا بنا ہوا ہے۔