اگلے چار برس کے دوران صوبہ پنجاب میں شرح ترقی کا ہدف 8فیصد مقرر،سالانہ 10لاکھ روز گار کے نئے مواقع پیداکرنے کی حکمت عملی تیار،آئندہ 4برس کے دوران 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی منصوبہ بندی، پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے نئے بجٹ میں زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے،پنجاب حکومت کول اور سولر سے توانائی کے منصوبے اپنے وسائل سے لگائے گی، پنجاب بھر میں ڈیجیٹل لائبیریریاں قائم کی جائیں گی،سماجی شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،تعلیم، صحت اور توانائی سیکٹرز کے لئے خطیر رقم مختص کی جائے گی،وزیراعلی کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 5 جون 2014 03:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ اگلے چار برس کے دوران صوبہ پنجاب میں شرح ترقی کا ہدف 8فیصد مقرر کیاگیا ہے-سالانہ 10لاکھ روز گار کے نئے مواقع پیداکرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور آئندہ 4برس کے دوران 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے،وہ سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2014-15 کا جائز ہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2014-15کے اہم خدوخال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی -صوبائی وزراء، مشیران،معاونین خصوصی، اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری، تمام محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے نئے بجٹ میں زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے-ٹیکس وصولی کے نظام کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں- وسائل قوم کی امانت ہیں ایک ایک پائی شفاف طریقے سے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے-اگلے مالی سال2014-15 میں ملتان اور فیصل آباد میں میٹروبس کے منصوبے شروع کئے جائیں گے- جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پہلے سے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے-پنجاب حکومت کول اور سولر سے توانائی کے منصوبے اپنے وسائل سے لگائے گی جس کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے-پنجاب حکومت بہاولپور میں ایک ہزار میگاواٹ کا سولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگانے کیلئے تیزرفتاری سے کام کر رہی ہے جبکہ رحیم یار خان اور مظفرگڑھ میں کول پاور پلانٹس بھی لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ توانائی کی بچت کے حوالے سے بھی جامع پروگرام مرتب کیا گیاہے - مڈ ل سکولوں میں بھی آئی ٹی لیبز قائم کریں گے -آئندہ مالی سال میں میٹرک کے ہونہار او رذہین طلبا وطالبات کو بھی لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے-انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں ڈیجیٹل لائبیریریاں قائم کی جائیں گی-سماجی شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے-تعلیم، صحت اور توانائی سیکٹر کے لئے خطیر رقم مختص کی جائے گی- تیز رفتار ترقی اور جامع اصلاحات کرکے عوام کا معیار زندگی مزید بلند کرنے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے مزید وسائل فراہم کریں گے۔

نئے مالی سال 2014-15 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبے کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے حقیقت پسندانہ ترجیحات کا تعین کیا جا رہا ہے تاکہ تیز رفتار ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکیں اور عوام تک ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات پہنچائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک، ڈیری ڈویلپمنٹ اور دیگر اہم شعبوں کی ترقی کیلئے ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی۔ چار سالہ گروتھ پلان کے نتائج حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی اور سماجی شعبوں سے وابستہ محکموں اور اداروں کو پیشہ ورانہ طور پر چلانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :