برطانیہ،فحش مواد کے متلاشی ڈرائیور کو 5 برس کی قید،ڈرائیور کی لاپروائی نوجوان لڑکی کی موت کا باعث بنی

جمعرات 5 جون 2014 03:58

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)برطانیہ کی ایک عدالت نے دوران ڈرائیونگ موبائل فون انٹرنیٹ کے ذریعے فحش ویب سائٹس سرچ کرنے کے مرتکب ایک ٹرک ڈرائیور کو پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ڈرائیور کی لاپروائی اور غیر اخلاقی حرکت سے ٹرک نے ایک نوجوان لڑکی کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ 44 سالہ ایان گلوفر گذشتہ برس 21 جولائی کو برطانیہ میں ٹیلفورڈ اور شریزیری کے درمیان 44 ٹن وزنی ٹرالر چلا رہا تھا۔

ڈرائیونگ کے دوران اس نے اپنے موبائل فون میں انٹرنیٹ سے فحش مواد سرچ کرنے کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ پر لڑکیوں کی تصاویر اور ان کی ذاتی معلومات پر توجہ دے رکھی تھی۔حادثے کے وقت ٹرک کی رفتار 80 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی کہ اس دوران سڑک کے کنارے ایک کار کسی فنی خرابی کے باعث رْکی جس کے وارننگ سگنل آن تھے، جبکہ ٹرک ڈرائیور کوئی اشارہ دیے بغیر ٹرک کو پوری رفتار کے ساتھ چلائے جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

ٹرک ابھی کچھ فاصلے پر تھا کہ کار میں سے بیس سالہ لوراجان ٹومس اور اس کا منگیتر 19 سالہ لوئیس باگیٹ نیچے اترے۔ وہ ابھی کار کے پاس کھڑے ہی ہوئے تھے کہ ٹرک نے لڑکی کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئی۔دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اسے اندازہ نہیں ہو پایا کہ سڑک کے کنارے کھڑے لڑکا اور لڑکی ٹرک سے کتنے فاصلے پر ہیں۔

حادثے کے بعد اس نے نیچے اتر کر دیکھا تو ایک لڑکی ٹرک کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ حادثے کے وقت ڈرائیور کے پاس تین موبائل فون تھے۔ ان میں سے ایک میں انٹرنیٹ کی بھی سہولت موجود تھی اور عین حادثے کے وقت ڈرائیور نے فحش ویب سائٹس کھول رکھی تھیں۔ چنانچہ حادثے کی وجہ اس کی یہی غیر اخلاقی حرکت بنی ہے۔ڈرائیور نے عدالت میں اعتراف کیا ہے کہ دس سال کے دوران 21 جولائی کو اس نے نہایت پر خطر انداز میں ڈرائیونگ کی تھی جو حادثے کا موجب بنی۔ وہ پچھلے دس سال سے برطانیہ میں سپر اسٹورز کی چین کو سامان سپلائی کرتا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :