پنجاب کے صوبائی بجٹ میں پانچ مرلہ گھروں پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے،کاٹن فیس اور موٹر ٹوکن ٹیکس بڑھانے کی تجاویز

جمعرات 5 جون 2014 03:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)پنجاب کے صوبائی بجٹ میں پانچ مرلہ گھروں پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز دے سمیت کاٹن فیس اور موٹر ٹوکن ٹیکس بڑھانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ مجوزہ ٹیکس اضافے کی بجٹ دستاویز کے مطابق پانچ مرلہ گھروں پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بی کیٹیگری کے علاقے میں پانچ مرلہ کے تمام جبکہ سی اور اس سے کم کیٹیگری کے علاقوں میں کرائے پر دیئے گئے پانچ مرلہ کے گھر سے ٹیکس لیا جائے گا جبکہ اے کیٹیگری سے پہلے ہی ٹیکس لیا جا رہا ہے۔

کاٹن فیس 10 پیسہ سے بڑھا کر 20 پیسہ فی کلو کرنے کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس بڑھانے کی تجویز کے مطابق 1001 سے 1300 سی سی تک کا ٹیکس 1800 سے بڑھا کر 2200 روپے سالانہ کیا جائے گا۔ 2000 سی سی تک کی گاڑی کا ٹیکس 4500 سے 6000 سالانہ کیا جائے گا تاہم ایک ہزار سی سی تک کا لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس بدستور 10 ہزار روپے ہو گا۔ موٹر سائیکل ٹرانسفر فیس 150 سے بڑھا کر 200 روپے اور رجسٹریشن فیس 1200 سے بڑھا کر 2000 کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ موٹر سائیکل کو ٹریفک سگنل توڑنے کا جرمانہ 200 سے بڑھا کر 300 روپے کرنے اور کار کا ٹریفک سگنل توڑنے کا جرمانہ 500 سے بڑھا کر 800 روپے کرنے کی تجویز ہے۔ بجٹ سے پہلے مجوزہ ٹیکس اضافے کی منظوری صوبائی کابینہ سے لی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :