اوبامہ یوکرائن کی طویل بنیادوں پر حمایت کا عزم ، امریکہ یوکرائنی عوام کیساتھ نہ صرف آنیوالے دنوں،ہفتوں بلکہ سالوں میں شانہ بشانہ کھڑا رہنے کیلئے پرعزم ہے،یوکرائنی ہم منصب سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 5 جون 2014 03:55

وارسا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)صدر باراک اوبامہ نے یوکرائن کے نومنتخب صدر پیٹرو پوروشنکوف کو بتایا ہے کہ امریکہ طویل بنیادوں پر ان کے ملک کی حمایت کیلئے پرعزم ہے،جیسا کہ روسی نواز علیحدگی پسند ملک کے مشرق میں یوکرائنی فوجیوں کیخلاف لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔اوبامہ نے وارسا میں اپنے ہوٹل پوروشنکوف کے ساتھ مذاکرات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ یوکرائنی عوام کے ساتھ نہ صرف آنے والے دنوں،ہفتوں بلکہ آنے والے سالوں میں ان کی حمایت کیلئے شانہ بشانہ کھڑا رہنے کیلئے پرعزم ہے۔

اوبامہ نے یہ اعلان بھی کیا کہ امریکہ یوکرائن کیلئے رات کے اوقات میں دیکھنے والے چشموں سمیت غیر مہلک فوجی امداد میں اضافہ کرے گا۔پوروشنکوف نے انگریزی زبان میں بات کرتے ہوئے مسلسل حمایت پر اوبامہ کا شکریہ ادا کیا جسے انہوں نے موجودہ حالات میں اہم قرار دیا۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے ان کے ساتھ یوکرائن کے مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق حق کی حمایت کا اظہار کرنے کیلئے ملاقات کی،یہ ملاقات رواں ہفتے کے آخر میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ان کی ملاقات سے قبل سامنے آئی ہے۔

4جون1989ء کے پہلے آزادانہ انتخابات کے بعد سے ملک کی 25ویں سالگرہ کی مناسبت سے پولینڈ نے تقریبات میں شرکت کیلئے پوروشنکوف کو بھی مدعو کیا تھا جو مئی میں اپنے انتخاب کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر وارسا پہنچے ہیں۔اوبامہ کیلئے پولینڈ ان کے دورہ یورپ کا پہلا ملک ہے جس کا مقصد کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کے بعد مشرقی یورپ میں پائے جانے والے سیکورٹی خدشات کو دور کرنا تھا اور بقول واشنگٹن کے یہ یوکرائن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش ہے۔

منگل کے روز انہوں نے یورپ میں نئے اتحادیوں کیلئے ایک بلین ڈال(730ملین یوروز) کی امریکی فوجیوں اور فوجی سازوسامان کی تعیناتی کے علاوہ یورپین ری ایشورنس انیشیٹوو کی تجویز پیش کی تھی۔نیٹو وزرائے دفاع نے منگل کے روز یوکرائنی بحران کے بعد مشرقی یورپ میں تحفظ کو فروغ دینے کیلئے سلسلہ وار اقدامات پر بھی اتفاق کیا تاہم زور دیا کہ وہ ماسکو کے ساتھ سرد جنگ کے بعد کے اہم معاہدے کی حدود کے اندر رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :