لاہور، اچھرہ میں ایک گھر میں آگ لگنے سے جھلس کر تین کم سن بہنیں جاں بحق ہو گئیں،وزیراعلیٰ کا اچھرہ میں آتشزدگی کے باعث بچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس،سوگوار خاندان کیلئے 5لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان،واقعہ کی انکوائری کا حکم، ڈی سی او لاہور انکوائری افسر مقرر،تحقیقات مکمل کر کے فی الفور رپورٹ پیش کی جائے،وزیراعلیٰ کی ہدایت

جمعرات 5 جون 2014 03:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایک مکان میں لگنے والی آگ کی زد میں آکر دو بچیاں جاں بحق ہوگئیں، ایک بچی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق ذیلدار روڈ پر ایک مکان میں آتشزدگی کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب شبنم بی بی اپنی تین بچیوں کو گھر میں چھوڑ کر بازار سے دودھ خریدنے گئی، اس دوران اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

اس دوران گھر میں موجود تین بچیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں، جنہیں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا، دو سالہ عالیہ اور چار سالہ خدیجہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں جبکہ تین سالہ نور کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی نور کے جسم کا پچاس فیصد حصہ بری طرح جھلس چکا ہے۔ دو بچیوں کی لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، بدقسمت ماں اپنی بیٹیوں کی لاشوں سے لپٹ کر روتی رہی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لاہور کے علاقے اچھرہ میں گھر میں آتشزدگی کے باعث تین بچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہا رکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے غم زدہ خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندان کے لئے 5لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اچھرہ میں آتشزدگی سے تین بچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ڈی سی او لاہور کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ تحقیقات مکمل کر کے فی الفور رپورٹ پیش کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :