ای او بی آئی سکینڈل کیس،فریقین نے ای او بی آئی انتظامیہ کو چکوال میں اراضی کے حوالے سے اصل زرجمع کرادیا،مارک اپ دینے کی بھی حامی بھر لی،عدالت نے مذکورہ مقدمہ کو اصلی مقدمہ کے ساتھ لگانے کا حکم دیدیا

بدھ 11 جون 2014 07:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جون۔2014ء)سپریم کورٹ میں ای او بی آئی سکینڈل کیس میں فریقین نے ای او بی آئی انتظامیہ کو چکوال میں اراضی کے حوالے سے اصل زرجمع کرادیا ہے جبکہ مارک اپ دینے کی بھی حامی بھر لی ہے۔عدالت نے مذکورہ مقدمہ کو اصلی مقدمہ کے ساتھ لگانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 ہفتو کے لئے ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

جسٹس سرمد جلال عثمانی کی سربراہی میں جسٹس اطہر سعید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے منگل کے روز کی سماعت کی چکوال میں ای او بی آئی کے ساتھ معاہدہ کرنے والے راجہ ثناء الحق اور راجہ مقصود کی جانب سے چوہدری افراسیاب ایڈووکیٹ جبکہ ای او بی آئی کی جابن سے حافظ ایس اے رحمن ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔

چوہدری افراسیاب نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکلان اصل زر ای او بی آئی کو دے چکے ہیں اس پر عدالت نے کہا کہ ہم نے دو طرح کی کٹیگری بنائی ہیں ۔ایک وہ لوگ جو مارک اپ دینا چاہتے ہیں اور دوسرے وہ جو نہیں دینا چاہتے آپ کیا کہتے ہیں اس پر فاضل وکیل نے کہا کہ ہم مارک اپ دینے کے لئے تیار ہیں ۔اس پر عدالت نے کہا کہ اس مقدمے کو بھی اصل مقدمے کے ساتھ سنیں گے اس کے ساتھ ہی عدالت نے دو ہفتوں کے لئے سماعت ملتوی کر دی۔۔