عالمی ویٹ باکسنگ چیمپئن عامر خان پاکستانی باکسروں کو ٹریننگ دینگے ، گلاسکو میں ہونیوالے کامن ویلتھ گیمز کی فائنل تیاریوں کیلئے باکسرز تیار کرینگے ، پاکستانی ٹیم برطانیہ کے عامر خان کے ذاتی جم میں 20روزہ تربیت حاصل کرے گی، سیکرٹری اقبال حسین

بدھ 11 جون 2014 04:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جون۔2014ء) عالمی ولٹر ویٹ باکسنگ چیمپیئن عامر خان پاکستان کے باکسروں کوگلاسکو میں ہونیوالے کامن ویلتھ گیمز کی فائنل تیاریوں کے لیے ٹریننگ دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری اقبال حسین نے کہا کہ پاکستانی ٹیم برطانیہ کے عامر خان کے ذاتی جم میں 20روزہ تربیت حاصل کرے گی۔

پاکستانی نڑاد عامر خان نے 23جولائی سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے لیے پاکستانی ٹیم کو مکمل ترنیت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اقبال حسین کے مطابق عامر خان نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی درخواست قبول کرتے ہوئے پاکستانی باکسرز کو اپنا ذاتی جم استعمال کرنے اور اہم ٹپس دینے کی حامی بھر لی ہے، تاکہ وہ میگا ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

اقبال حسین نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ عامر خان 20-15 جون کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ کراچی کے ٹریننگ کیمپ میں پاکستانی باکسروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

انھوں نے کہا کہ " ہم عامر خان کے بہت شکر گزار ہیں کہ انھوں نے پاکستان باکسنگ کے لیے اپنی خدمات پیش کیں"۔اقبال حسین نے بتایا کہ 20 روزہ تربیتی دورے کے تمام اخراجات پاکستان باکسنگ فیڈریشن برداشت کرے گی، جبکہ عامر خان کی جانب سے ان کا ذاتی جم اور ٹریننگ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

پاکستان باکسنگ ٹیم کے ارکان میں چھ باکسر،دو کوچ اور ایک مینیجر شامل ہیں۔انھوں نیکہا کہ میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لیے کراچی اور کوئٹہ میں اس وقت دوٹریننگ کیمپس جاری ہیں۔ 'آٹھ باکسر کراچی میں کوچ علاوٴ بخش کی زیر سرپرستی تربیت حاصل کر رہے ہیں، جبکہ نو باکسر کوئٹہ میں محمد طارق کی سرپرستی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں'۔

متعلقہ عنوان :