وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان کی ملاقات،مسلہ کشمیر ، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے میگا پراجیکٹس لوڈ شیڈنگ سے استثنی اور ٹورازم سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال، صدر کی وزیراعظم نواز شریف کو دورہ آزاد کشمیر کی دعوت، ملک کے حالات بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں جیسے ہی صورتحال معمول پر آئے گی آزاد کشمیر کا تفیصلی دورہ کر کے مقامی ضروریات کا جائزہ لوں گا ،نواز شریف

بدھ 11 جون 2014 07:00

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جون۔2014ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان کی وزیراعظم ہاوٴس میں وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد نواز شریف سے پیر کی سہ پہر تفصیلی ملاقات ، مسلہ کشمیر ، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے میگا پراجیکٹس لوڈ شیڈنگ سے استثنی اور ٹورازم سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ۔ صدر سردار محمد یعقوب خان کی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو دورہ آزاد کشمیر کی دعوت تفصیلات کے مطابق صدر سردار محمدیعقوب خان نے مسلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کرنے پہلی مرتبہ جموں وکشمیر کونسل کا اجلاس مظفرآباد منعقد کرنے اور آزاد کشمیر کے متعدد میگا پراجیکٹس کے لیے وفاقی بجٹ میں خطیر رقوم مختص کرنے پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا جس پر وزیراعظم پاکستان نے یقین دلایا کہ آزاد کشمیر کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایاجائے گا کشمیری عوام ہمیں دل وجان سے عزیز ہیں ۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے وزیراعظم پاکستان کو بتایا کہ آزاد کشمیر کو صرف 400 میگا وٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ آزاد کشمیر میں ہائیڈروپاور کے مختلف منصوبوسے 2 ہزار میگا واٹ سے زیادہ بجلی پیدا ہوتی ہے اسلئے آزاد کشمیر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دیا جائے تاکہ وہاں محدود پیمانے پر کاروبار اور چھوٹی موٹی صنعتیں کام جاری رکھ سکیں جس پر وزیراعظم نے ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے صدر آزاد کشمیر کی گزارشات کو بغور سننے کے بعد وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر سیاحوں کیلئے پر کشش مقامات کی نشاندہی کرے اور ان مقامات کی ترقی اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے جامعہ منصوبہ بنا کر پیش کرئے وفاقی حکومت ان علاقوں کو بہترین سیاحتی مقام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرئے گی وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ملک کے حالات بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں جیسے ہی صورتحال معمول پر آئے گی میں آزاد کشمیر کا تفیصلی دورہ کر کے مقامی ضروریات کا جائزہ لوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہماری اپنی حکومت ہے ہم اسے کسی صورت مایوس نہیں ہونے دیں گے کشمیر کونسل کے فنڈز آزاد کشمیر میں خرچ ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی شاہرات اور میگا پراجیکٹس کو وفاقی حکومت مکمل کرائے گی ۔