شام میں برطانوی مجاہدین‘ ایم آئی5 سراغ لگائے گی، آئی ایس آئی ایس کے جنگجو برطانیہ پر حملہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں، برطانوی وزیر اعظم

پیر 23 جون 2014 05:24

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جون۔2014ء) شام میں لڑنے والے برطانوی مجاہدین کی سراغ رسانی اب برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5 کی اولین ترجیحات میں شامل ہو گی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ ایک ویڈیو کے آنے کے بعد کیا گیا ہے جس میں بظاہر برطانوی جہادیوں کو شام اور عراق میں لڑنے کی ترغیب دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ پولیس برائے انسداد دہشت گردی اس ویڈیو کو حاصل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ویڈیو دولت اسلامی عراق و شام،آئی ایس آئی ایس کے جنگجووں سے منسلک انٹرنیٹ اکاونٹ سے انٹرنیٹ پر ڈالی گئی تھی جسے اب ہٹا لیا گیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی ایس کے جنگجو برطانیہ پر حملہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق آئی ایس آئی ایس نے 400 سے 500 برطانوی جنگجو بھرتی کیے ہیں۔ یہ جنگجو شام کے علاوہ عراق میں حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ وزارت داخلہ کہنا ہے کہ ہم دہشت گردانہ مواد کو مزید کم کرنا چاہتے ہیں اور خاندان دوست فلٹر استعمال کرکے دوسرے شدت پسندانہ مواد روکنا چاہتے ہیں۔