احتجاجی عناصر بے مثال ترقی کی راہ روکنے کے درپے ہیں،شہباز شریف،ملک نازک دور سے گزررہا ہے ،اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے،موجودہ حالات میں احتجاج کی سیاست کسی بھی لحاظ سے درست نہیں، میں برداشت نہیں کرسکتا کہ رکاوٹیں ہٹانے کیلئے عوام پر ظلم کیا جائے ،متاثرین کو ہر صورت انصاف دلانے کا تہیہ کئے ہوئے ہوں، معصوم لوگوں پر فائرنگ کرنے والوں کی گرفتاری کا حکم دے دیاہے ، انصاف کے حصول کیلئے تمام ا قدامات اٹھائے جارہے ہیں،وزیر اعلی کی اراکین اسمبلی کے وفد سے گفتگو

پیر 23 جون 2014 05:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جون۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزررہا ہے ،اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ان حالات میں احتجاج کی سیاست کسی بھی لحاظ سے درست نہیں اورنہ ہی ملک احتجاجی سیاست کا متحمل ہوسکتا ہے۔احتجاج کرنے والے بعض عناصر ملک میں گذشتہ ایک برس کے دوران ہونے والی بے مثال ترقی اور خوشحالی کی راہ روکنے کے درپے ہیں لیکن پاکستان کے 18کروڑمحب وطن اور باشعور عوام تخریبی اورانتشار کی سیاست کو یکسر مسترد کردیں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ایک وفد گفتگو کرتے ہوئے کیا،جس نے آج یہاں ان سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ایک برس کے دوران ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے شبانہ روز کام کیا ہے ،جس کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 15فیصد اضافہ ہوا ہے۔ٹیکس وصولیاں بہتر ہوئی ہیں۔مجموعی قومی پیداوار بڑھی ہے۔ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 7فیصد اضافہ بڑھ گیا ہے ۔زرمبادلہ کے ذخائر14ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں۔

توانائی بحران کے حل کیلئے انتہائی تیزر فتاری کے ساتھ کام کیا جارہا ہے اورقلیل مدت میں 1700میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیاگیا ہے جبکہ 24870میگاواٹ بجلی کے 19منصوبوں پر کام کا آغاز کیاگیا ہے۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی بنانے کے منصوبو ں پر بھی کام کا آغاز کیاہے۔ چین کی جانب سے توانائی ،انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں کے لئے 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان کیاگیا ہے۔ حکومت کے ٹھوس اورجامع اقدامات کے باعث ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے اور گزشتہ ایک برس کے دوران وفاقی اور پنجاب حکومت پر ایک بھی پائی کی کرپشن کا الزام ہمارے بدترین مخالف بھی نہیں لگاسکے۔

قومی وسائل امانت سمجھ کر عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اورخوشحالی کے سفر کے مخالفین احتجاج کے ذریعے انتشار پیدا کر نے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،لیکن18کروڑ عوام جانتے ہیں کہ بے لوث خدمت کون کررہا ہے اورتخریبی سیاست کون؟ محب وطن اورباشعور عوام کسی بھی صورت میں بے مقصد احتجاج کرنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔

میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ احتجاجی عناصر ملک میں ترقی اورخوشحالی کیوں نہیں چاہتے اور وہ کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا لاہور میں پولیس کے ساتھ تصادم میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے المناک واقعہ کے حوالے سے انصاف کے تقاضے ہر قیمت پر پورے کیے جائیں گے ا وراس اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

مجھے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین ،عوامی تحریک کے قائدین اور کارکنوں کے جذبات کا مکمل احساس ہے۔ میں نے اندوہناک واقعہ کے فوری بعد ہنگامی طور پر اقدامات اٹھائے اور حق و انصاف کی بالادستی کے لئے کڑے فیصلے بھی کئے ۔

عدالتی کمیشن کی رپورٹ پر من وعن عمل کیا جائے گااور ذمہ دار کسی بھی صورت قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس بات کو برداشت نہیں کرسکتا کہ رکاوٹیں ہٹانے کے لئے عوام پر ظلم کیا جائے ۔ میں متاثرین کو ہر قیمت پر انصاف دلانے کا تہیہ کئے ہوئے ہوں۔طاہر القادری کے صاحبزادوں پر درج مقدمہ اسی رات ختم کرایا۔ خادم پنجاب کے طور پر میرا 6سالہ دور سب کے سامنے ہے۔ میں وہ شخص ہوں جو سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران پنجاب کے عوام کے لئے دیوانہ وار پھرتا رہا۔

مظلوموں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑا رہا او رطاقتوروں او رظالموں کے غرور کو آئین اور قانون کے مطابق خاک میں ملانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ میرا ماضی گواہ ہے کہ میں نے انصاف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ،انشاء الله لاہو رکے واقعہ میں انصاف دلا کر ہی دم لو ں گا۔ انہو ں نے کہاکہ معصوم لوگوں پر فائرنگ کرنے والوں کی فی الفور گرفتاری کا حکم پہلے ہی دے دیا گیاہے اور اس واقعہ میں انصاف کے حصول کیلئے تمام ا قدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

میں الله کے ساتھ صوبے کے 10کروڑ عوام کو بھی جوابدہ ہوں۔ کمزور اور طاقتو ر کے درمیان آہنی دیوار بن کر کھڑا رہتا ہوں۔ انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرو ں گا او رنہ اس پر کسی صورت سمجھوتہ کروں گا۔ شفاف اور آزادنہ تحقیقات کے لئے کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہوں۔ میں عوام کا خادم ہوں او رمجھے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا ہے۔

پنجاب کے لوگ میرے اپنے خاندان کی طرح ہیں اور افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے میرے اپنے لوگ تھے میں لواحقین کے دکھ کو اپنے دل کی گہرائیوں سے محسوس کر رہا ہوں اور وزیراعظم محمد نوازشریف ،وفاقی و پنجاب حکومت سمیت پوری قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہو ں نے کہاکہ ہم نے غریب عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے مثالی پروگرام شروع کئے ہیں ، ترقی کے اس پروگرام میں خلل ڈالنا قومی خدمت نہیں او رنہ ہی یہ کوئی انقلاب ہے اور قوم اس کی ہر گز اجازت نہیں دے گی۔ گزشتہ 5سالوں کی کرپشن پر خاموش رہنے والے آج عوام کی ترقی کے پروگرام میں کیوں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ کیا بجلی کے منصوبوں اور عوام کی ترقی اورخوشحالی کو کو روکنا پاکستانی قوم کی خدمت ہے ؟

متعلقہ عنوان :