کوئٹہ ،قتل کی لرزا خیز واردات کے دوران نامعلوم افراد میاں بیوی اور کمسن بچے کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کرکے فرار

پیر 23 جون 2014 05:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جون۔2014ء) کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی الماس میں قتل کی لرزا خیز واردات کے دوران نامعلوم افراد نے میاں بیوی اور کمسن بچے کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کرکے فرار ہوگئے تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پولیس کو اطلاع ملی کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے تھانہ زرغون آباد کی حدود میں واقع کلی الماس میں ایک گھر میں نعشیں پڑی ہوئی ہیں جس پر ایس پی سرکل محمود احمد نوتیزئی نے دیگر عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر مکان کو گھیرے میں لیکر چیک کیا تو مکان کے اندر میاں بیوی اور کمسن بچے کی نعشیں پڑی ہوئی تھیں جنہیں تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچا دیا گیا ایس پی صدر نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی کہ کلی الماس میں نامعلوم افراد کی نعشیں پڑی ہوئی ہیں پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچا دی ہیں

انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں نور محمد اس کی اہلیہ الفت بی بی اور کمسن بچہ چھٹا خان شامل ہیں جن کی شناخت کے نام سے کی گئی انہوں نے بتایا کہ نور محمد اور الفت بی بی نے کوئی چار سال قبل پسند کی شادی کی تھی جن کا تعلق بولان کے علاقے حاجی شہر سے تھا جو گذشتہ تقریباً 20 روز سے کلی الماس میں رہائش پذیر تھے گذشتہ شب نامعلوم افراد نے تینوں کو گلے میں رسی ڈال کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے ایس پی صدر نے بتایا کہ قتل کی واردات دیرینہ رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے اور شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مقتولہ کے عزیز اقارب انہیں موت کے گھاٹ اتارا ہے مزید کارروائی زرغون آباد پولیس کررہی ہے۔