تیمر گرہ ،پولیس موبائل وین پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، ایک اہلکار شہید

پیر 23 جون 2014 05:23

تیمر گرہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جون۔2014ء) تحصیل ادنیزی کے علاقہ ورسک کنڈرو چوک میں پولیس موبائل وین پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ایک اہلکار شہید ہو گیا پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ اسنبڑ پولیس موبائل وین معمول کی گشت پر تھے کہ ورسک کنڈرو چوک میں ریموٹ کنٹرول بم کے زریعے دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اسلام گل ولد پائندہ گل سکنہ سیاہ ورغڑ شدید زخمی ہو گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ پولیس وین کو جزوی نقصان ہوا پولیس وین میں دیگر اہلکار معجزانہ طور پر بچ گئے ہیں

دریں اثناء شہید ہونے والے پولیس اہلکار اسلام گل کو آبائی قبرستان سیاہ ورغڑ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ان کی نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر غلام حبیب خان کے علاوہ دیگر سرکاری حکام اور علاقے کے عوام نے شرکت کی ، واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لا سکی ، واضع رہے کہ ایک ہفتہ قبل پولیس چیک پوسٹ گل آباد پل میں نامعلوم افراد نے حملہ کیا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا تھا ، تحصیل ادنیزی میں پے در پے واقعات کے پیش نظر عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔