فٹبال ورلڈ کپ : الجزائر کی 1982 کے بعد پہلی فتح

پیر 23 جون 2014 05:19

الیگرو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جون۔2014ء)فیفا ورلڈ کپ میں الجزائر نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔برازیل کے شہر پورٹ الیگرو میں الجزائر اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا گیا گروپ ایچ کا میچ انتہائی دلچسپ رہا جہاں الجزائر نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا اور 26ویں منٹ میں کپتان اسلام سلیمانی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی۔

ابھی کورین ٹیم اس حملے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ دو منٹ بعد رفیق نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے ٹیم کی برتری دگنی کر دی۔کھیل کے 38ویں منٹ میں عبدالمومن نے انفرادی طور پر پہلا اور اپنی ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرتے ہوئے برتری تین صفر کر دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف میں جنوبی کوریا نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور 50ویں منٹ میں ہووینگ من سنگ نے گول کر کے اپی ٹیم کے زخم کچھ مندمل کیے لیکن یہ کامیابی بھی عارضی ہی ثابت ہوئی

کیونکہ 62ویں منٹ میں الجزائر کے یاسین براہمی نے ٹیم کا چوتھا گول اسکور کر کے ایک بار پھر تین گول کا فرق پیدا کردیا۔

کوریا نے اس موقع پر تیز کھیل پیش کیا جس کا صلہ انہیں 72ویں منٹ میں کو جا چیول کے گول کی صورت میں ملا لیکن اس کے بعد کوشش کے باوجود کورین ٹیم کوئی گول کرنے میں ناکام رہی۔یہ 1982 کے بعد پہلا موقع ہے جب الجزائر نے کسی ورلڈ کپ کے میچ میں ایک سے زائد گول کیے ہیں جبکہ یہ اسی سال کے بعد ان کی عالمی کپ کے کسی میچ میں پہلی کامیابی ہے۔اس کامیابی کے ساتھ ہی انہوں نے تین قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کرتے ہوئے اگلے رآنڈ تک رسائی کی امیدیں روشن رکھی ہیں جہاں الجزائر کا اگلا مقابلہ روس سے ہو گا۔

متعلقہ عنوان :