دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی زبردست فٹبالر بھی تھے ، ویوین رچرڈز دنیا کرکٹ کے واحد کھلاڑی ہے جنہوں نے فٹبال ورلڈ کپ میں حصہ لیا ،سابق ویسٹ انڈین اسٹار نے 1974 میں اینٹیگا کی جانب سے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کی، ان کے ہم وطن امپائر اسٹیو بکنر کرکٹ میں آنے سے قبل عالمی معیار کے فٹ بال ریفری تھے، انگلینڈ کو فٹ بال عالمی چیمپین بنانے والے کپتان بوبی مور نے کاؤنٹی کرکٹ میں بھی نام کمایا ، ایلن بارڈر ان کے پسندیدہ کرکٹر تھے۔ انہوں نے ورلڈ کپ میچز میں اٹلی کی جانب سے سب سے زیادہ 9 گول اسکور کیے، آسٹریلین خواتین کرکٹ ٹیم کی اہم آل راؤنڈر الیزی پیری بھی کرکٹ اور فٹ بال ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا اعزاز رکھتی ہیں

جمعہ 27 جون 2014 07:25

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء) کرکٹ کا کھیل برصغیر میں جنون کی حیثیت اختیار کرچکا ہے لیکن برازیل میں جاری ورلڈ کپ بھی جنوبی ایشیا میں رنگ جماچکا ہے۔ دونوں کھیلوں میں کوئی مماثلت نہیں البتہ کچھ بڑے نام مشترک ہیں۔ دنیا کے عظیم ترین بیٹسمینوں میں سے ایک ویوین رچرڈز کے بارے میں کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ زبردست فٹ بالر بھی تھے۔ وہ دنیا کے واحد کرکٹر ہیں جنہوں نے فٹ بال ورلڈ کپ میں حصہ لیا۔

سابق ویسٹ انڈین اسٹار نے نے 1974 میں اینٹیگا کی جانب سے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کی۔

ان کے ہم وطن امپائر اسٹیو بکنر کرکٹ میں آنے سے قبل عالمی معیار کے فٹ بال ریفری تھے۔ انہوں نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچز کی نگرانی بھی کی ہے۔ 1966 میں انگلینڈ کو فٹ بال عالمی چیمپین بنانے والے کپتان بوبی مور نے کاؤنٹی کرکٹ میں بھی نام کمایا تھا۔

(جاری ہے)

وہ اتنے اچھے کرکٹر تھے کہ اس وقت کے ماہرین کا خیال تھا وہ بین الاقوامی کرکٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی ضرور کریں گے لیکن بوبی مور کی منزل کچھ اور تھی۔

اطالوی فٹ بال ٹیم کے معروف اسٹرائیکر کرسچیئن ویئری بچپن میں پروفیشنل کرکٹر بننا چاہتے تھے۔ ان کی زندگی کے ابتدائی سال سڈنی میں گذرے۔

سابق کپتان ایلن بارڈر ان کے پسندیدہ کرکٹر تھے۔ انہوں نے ورلڈ کپ میچز میں اٹلی کی جانب سے سب سے زیادہ 9 گول اسکور کیے ہیں۔ ان کے بارے میں ایلن بارڈر نے کہا تھا کہ اگر ویئری کے والد اگر دوبارہ اٹلی چلے جانے کا فیصلہ نہ کرتے ویئری ضرور ٹیسٹ کرکٹر بن سکتے تھے۔ دوسری جانب آسٹریلین خواتین کرکٹ ٹیم کی اہم آل راؤنڈر الیزی پیری بھی کرکٹ اور فٹ بال ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔