کوئٹہ پولیس کے 250 اہلکاروں نے دہشت گردی سے نمٹنے کی تربیت مکمل کر لی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کو گلے سے پکڑ لیاہے ، کورکمانڈر کوئٹہ

جمعہ 27 جون 2014 07:27

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء)کوئٹہ میں پولیس کے 250اہلکاروں نے دہشت گردی سے نمٹنے کی تربیت مکمل کر لی ، کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹنٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کو گلے سے پکڑ لیا۔ تفصیلا ت کے مطا بق کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی تربیت پانے والے پولیس اہلکاورں کی پاسنگ اوٴٹ پریڈ ہوئی۔ پاسنگ اوٴٹ پریڈ کی تقریب میں پولیس کے دو سو پچاس جوانوں نے شرکت کی۔

پولیس کے اس بیج میں ڈسٹرکٹ پولیس ، اے ٹی ایف اور دیگر شعبوں سے بھی پولیس اہلکار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے اہداف کو نشانہ بنانے اور عمارتوں کو دہشت گردوں سے خالی کرانے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ پولیس اہلکاروں نے شاندار پریڈ کے ذریعے مہمان خصوصی کور کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ناصر جنجوعہ کو سلامی پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کوئٹہ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ملک میں امن کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔ قوم کو بہت سارے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کو گلے سے پکڑ لیا ہے۔ مہمان خصوصی لیفٹنٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے تربیت مکمل کرنے والے پولیس جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔