چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پانچ جولائی کو ریٹائرڈ ہو جائینگے،جسٹس ناصر الملک کا بطور چیف جسٹس چھ جولائی کو حلف اٹھانے کا امکان،جسٹس جواد ایس خواجہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج بن جائینگے

جمعہ 27 جون 2014 07:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء) چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پانچ جولائی کو ریٹائرڈ ہو جائینگے جبکہ ان کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس چار جولائی کو سپریم کورٹ میں ہوگا ۔ جسٹس ناصر الملک کا بطور چیف جسٹس چھ جولائی کو حلف اٹھانے کا امکان ہے ۔ ریفرنس میں اٹارنی جنرل پاکستان ، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ، صدر سپریم کورٹ بار چیف جسٹس پاکستان کو ہدیہ تبریک پیش کرینگے ۔

تقریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان ، اسلام آباد ہائی کورٹ ، فیڈرل شریعٹ کورٹ سمیت عدالتوں کے جج صاحبان ، سینئر وکلاء حضرات اور عدالتی افسران اور دیگر لاء افسران شرکت کرینگے ریفرنس کی تقریب چار جولائی کو دن ساڑھے دس بجے سپریم کورٹ میں ہوگی ۔

دریں اثناء چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی پانچ جولائی کو ریٹائرمنٹ ، جسٹس ناصر الملک کے چیف جسٹس بننے کے بعد جسٹس جواد ایس خواجہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج بن جائینگے ۔

(جاری ہے)

ان کے بعد جسٹس انور ظہیر جمالی کا دوسرا نمبر جبکہ جسٹس میاں ثاقب نثار تیسرے نمبر پر آجائیں گے ۔ سنیارٹی کے لحاظ سے جسٹس آصف سعید کھوسہ چوتھے ، جسٹس سرمد جلال عثمانی پانچویں اور جسٹس امیر ہانی مسلم چھٹے نمبر پر پہنچ جائیں گے ۔ ان کے بعد دیگر ججز کی ترتیب اس طرح سے ہوگی ۔ جسٹس اعجاز افضل خان ساتویں ، جسٹس اعجاز چوہدری آٹھویں ، جسٹس گلزار احمد نویں ، جسٹس اطہر سعید دسویں ، جسٹس شیخ عظمت سعید گیارہویں ، جسٹس اقبال حمید الرحمان بارہویں نمبر پر ہوں گے ۔ ان کے بعد جسٹس مشیر عالم ، جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں ۔