شہبازشریف کا رمضان المبارک کی آمد سے قبل بعض اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار،قیمتوں کو فی الفور کم کرنے کا حکم،وزیراعلیٰ نے 5 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی حتمی منظوری دیدی، 10کلو آٹے کا تھیلا 310 روپے میں ملے گا،صوبے میں346رمضان بازار لگائے جائینگے، چینی ،گھی، انڈے ،مرغی کا گوشت، پھل اور سبزیاں مارکیٹ کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر دستیاب ہونگی، اشیاء کی مناسب قیمتوں پر یقینی فراہمی کیلئے کڑے فیصلے کئے جائیں،عام آدمی کو لوٹنے والے مگر مچھوں کی جگہ جیل ہے، وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 27 جون 2014 07:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کیلئے رمضان المبارک کے دوران آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے 5 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے رمضان پیکیج کی منظوری ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں رمضان پیکیج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں 346رمضان بازار لگائے جائیں گے۔رمضان بازاروں میں آٹے کا 10کلو کا تھیلا310روپے میں دستیاب ہوگا جبکہاوپن مارکیٹ میں آٹے کا 10کلو کا تھیلا330روپے اور 20کلو آٹے کاتھیلا660روپے میں ملے گا۔ رمضان بازاروں میں 346زرعی فےئر پرائس شاپس لگائی جائیں گی جہاں سبزیاں اورپھل سستے داموں دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

رمضان بازاروں میں چینی ،گھی، انڈے اورمرغی کا گوشت مارکیٹ کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر ملے گا جبکہ صوبہ بھر میں 2ہزار مدنی دسترخوان لگانے کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت رمضان پیکیج پر 5 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جس کا فائدہ براہ راست عام آدمی کو پہنچنا چاہیئے۔ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ ،سبزیوں اور پھلوں کی سستے داموں وافر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اشیاء کی کوالٹی اور سپلائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جبکہ ریٹ لسٹیں نمایاں طورپر آویزاں ہونی چاہئیں۔

رمضان بازاروں میں صفائی اور پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے جائیں اور اوزان پیمائش کی چیکنگ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹور کے خصوصی سٹال بھی لگائے جائیں گے۔ رمضان المبارک کے دوران ماڈل بازاروں کے سٹال مالکان سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزراء اور سیکرٹری صاحبان رمضان بازاروں کے خود دورے کریں گے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کی مانیٹرنگ کرکے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دیں گے۔

رمضان پیکیج پر بہترین کام کرنے والے منتخب نمائندوں اورانتظامیہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران بعض سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں اوراداروں کے حکام کو وارننگ دی اور ہدایت کی کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیاء کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ فی الفور واپس لانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہو ں نے کہا کہ مجھے صرف نتائج چاہئیں،کوئی بہانے بازی برداشت نہیں کروں گا۔عام آدمی کو مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کڑے فیصلے کیے جائیں ۔ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے۔عام آدمی کو لوٹنے والے مگر مچھوں کی جگہ جیل ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول فوری طور پر بعض اشیاء کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو واپس لانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو رمضان پیکیج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں 10کلو آٹے کا تھیلا سبز رنگ کا ہوگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10اور 20کلو آٹے کا تھیلا اورنج رنگ کا ہوگا۔ رمضان بازاروں میں شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے ڈیجیٹل نظام وضع کرلیا گیا ہے ۔ شہری ٹال فری نمبر 0800-02345پر فون کر کے شکایات درج کراسکتے ہیں ۔ صوبائی وزراء رانا مشہود احمد،راجہ اشفاق سرور،محمد شفیق ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریزاورمختلف محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :