بیروت ہوٹل میں خود کش حملہ کرنے والا حملہ آو ر سعودی شہری نکلا

جمعہ 27 جون 2014 07:38

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء) لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ہوٹل میں ہونے والے خودکش حملے میں استعمال ہونے والا خود کش حملہ آور سعودی شہری تھا،20سالہ خودکش بمبار کی شناخت عبدالرحمان ناصر الشنیفی کے نام ہوئی ہے جو سعودی سیکیورٹی اداروں کو دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے شبہے میں مطلوب تھا، تاہم گذشتہ برس مارچ کے دوران حکام سے آنکھ بچا کر وہ کسی طرح سعودی عرب سے لبنان منتقل ہو گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنانی پولیس نے خود کش بمبار کے ایک دوسرے ساتھی علی ابراہیم الثوینی کو حراست میں لے لیا ہے تاہم یہ ایک غیر معروف عسکریت پسند ہے۔

اس نام کا کوئی بھی شخص کسی ملک کے سیکیورٹی اداروں کو مطلوب نہیں رہا ہے۔بدھ کی شام لبنانی سیکیورٹی حکام کو بیروت کے مغرب میں سیاحتی مقام 'الروشہ' کے ایک ریستوران میں دو مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس اور انسداد دہشت گردی حکام نے ہوٹل کے ایک کمرے میں چھاپہ مارا جس پر وہاں موجود ایک مشتبہ فرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔تینوں زخمی اہلکاروں کو بیروت میں امریکن یونیورسٹی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے دوسرے مشتبہ شخص کو حراست میں لینے کے بعد اس سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :