سعودی حکومت کا رمضان المبارک کا احترام نہ کرنے والے غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا اعلان ،ایسے لوگوں کا ورک پرمٹ منسوخ اور ان پر آئندہ ملک میں داخلہ پر بھی پابندی لگا دی جائے گی، غیر مسلموں پر عوامی مقامات پر کھانے، پینے اور سگریٹ نوشی پر پابندی ہوگی

جمعہ 27 جون 2014 07:39

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء) سعودی حکومت نے رمضان المبارک کا احترام نہ کرنے والے غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کیا ہے کہ ایسے لوگوں کا ورک پرمٹ منسوخ اور ان پر آئندہ ملک میں داخلہ پر بھی پابندی لگا دی جائے گی جبکہ ہدایات کے مطابق غیر مسلموں پر عوامی مقامات پر کھانے، پینے اور سگریٹ نوشی پر پابندی ہوگی۔ ملک میں آباد غیر ملکیوں کے لئے خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کے مطابق خلاف ورزی کے مرتکب افراد غیر ملکی کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ نے رمضان المبارک کے دوران غیر مسلموں کے لئے احترام رمضان ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق غیر مسلموں پر عوامی مقامات پر کھانے، پینے اور سگریٹ نوشی پر پابندی ہوگی۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے غیر مسلموں پر زور دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے مقدس ماہ کا احترام کرتے ہوئے ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔حکام کی جانب سے جاری ہدایات میں ملک میں کام کرنے والے مزدور اور غیر ملکی سرمایہ داروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے حوالے سے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر سختی سے عملدر آمد کو یقینی بنائیں اور لیبر قوانین کے مطابق ہی مزدوروں سے کام لیں، خلاف ورزی کرنے والے شخص کو ملک بدر یا کنٹریکٹ منسوخ کردیا جائے گا۔

سعودی حکام نے خبردار کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے احترام سے متعلق احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کا معاہدہ ملازمت ختم کر کے اس توہین کے مرتکب کو ملک بدر کر دیا جائے گا اور دوبارہ اس کے مملکت میں داخلے پر ہمیشہ کے لئے پابندی عائد کر دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :