ایک اورپاکستانی نے ملک کا نام روشن کردیا، سعدی نے مونچھوں سے گاڑی کھینچ کر نیا گینز ورلڈ ریکارڈ بنا دیا،اٹلی کے شہر میلان میں انٹرنیشنل گینز ورلڈ ریکارڈ شو کے دوران محمد سعدی نے مونچھوں سے 1740کلوگرام وزنی گاڑی کھینچ کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا

ہفتہ 19 جولائی 2014 07:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جولائی۔2014ء)پاکستان کے گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر محمد سعدی نے اٹلی کے شہر میلان میں جمعہ کے روز انٹرنیشنل گینز ورلڈ ریکارڈ شو کے دوران اپنی مونچھوں کے ذریعے 1740کلو گرام وزنی گاڑی کھینچ کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اس کامیابی پر محمد سعدی کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ سعدی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر میلان میں جمعہ کے روز انٹرنیشنل گینز ورلڈ ریکارڈ شو کے دوران اپنی مونچھوں سے 1740کلو گرام وزنی گاڑی کھینچ کر پنجاب یوتھ فیسٹیول 2012ء میں بنایا گیا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا، سعدی نے 2012ء میں 1700کلو گرام وزنی منی ٹرک اپنی مونچھوں سے کھینچ کر گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا، محمد سعدی نے نیا ریکارڈ لوگوں کی بہت بڑی تعداد کی موجودگی میں بنایا جسے بہت سراہا گیا،

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے محمد سعدی کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعدی کی اس کامیابی پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے، سعدی نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی یوتھ بہت باصلاحیت ہے، ہم مستقبل میں بھی گینز ورلڈ ریکارڈ بناتے رہیں گے کیونکہ زندگی کے ہرشعبہ میں ہمارے پاس بہت ٹیلنٹ ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب ان باصلاحیت نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے بھرپور کردار ادا کررہا ہے،واضح رہے کہ محمد سعدی دوسرے پاکستانی ہیں جس نے انٹرنیشنل گینز ورلڈ ریکارڈشو میں ریکارڈ بنایا ہے اس سے قبل پاکستانی نوجوان راشد نسیم نے ایک منٹ میں سر سے 61بوتلوں کے ڈھکن کھول کر نیا گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا، ان نوجوانوں کے گینز ورلڈ ریکارڈ بنانے میں سپورٹس بورڈ پنجاب کا کردار نہایت اہم ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ان باصلاحیت نوجوانوں کو ہرممکن سہولت اور رہنمائی مہیا کی۔