چین ، دیہی اور نیم شہری علاقوں سے بڑے شہروں میں نقل مکانی بڑھ گئی ،بیجنگ میں ہزاروں بچے سکول نہیں جا سکیں گے

ہفتہ 19 جولائی 2014 07:59

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جولائی۔2014ء)چین میں دیہی اور نیم شہری علاقوں سے بڑے شہروں میں نقل مکانی بہت بڑھ گئی ہے۔ رواں برس موسم خزاں میں تعلیمی سال شروع ہو رہا ہے لیکن دارالحکومت بیجنگ میں ہزاروں بچے داخلہ نہ ملنے کی وجہ سے اسکول نہیں جا سکیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس تناظر میں والدین اور شعبہ تعلیم کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے نقل مکانی کرنے والے افراد کو بیجنگ سے نکالنے کے لیے یہ پالیسی اپنائی ہے۔

42 سالہ لی ڑیالون کے مطابق، ”حکومت ہمارے بچوں کو اسکولوں میں داخلے نہیں دے رہی۔ وہ کہتے کہ وسائل کی کمی ہے اور آپ لوگ بیجنگ سے واپس چلے جائیں۔“

تاہم متعدد افراد کا کہنا ہے کہ بیجنگ اب ان کا گھر ہے اور وہ دیہی علاقوں میں واپس نہیں جا سکتے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں جب فرانسیسی خبر رساں ادارے نے بیجنگ کی شہری انتظامیہ سے رابطہ کیا تو اس کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔

چین نے گزشتہ برس ایک ایسی پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق بڑے شہروں کے رقبے اور آبادی کو سختی سے کنٹرول کیا جائے گا۔چین میں نجی سکول بھی بڑی تعداد میں کھل رہے ہیں۔ تاہم سرکاری نظام کا حصہ نہ ہونے کی وجہ سے ان نجی اسکولوں سے فارغ ہونے والے طلبا کے پاس وہ سند نہیں ہوتی، جس کی بنیاد پر وہ یونیورسٹی میں داخلے کے لیے ہونے والے امتحان میں شریک ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :