پاکستان کرکٹ ٹیم نے نئی ٹیم مینجمنٹ کی زیر نگرانی دورہ سری لنکا کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا

ہفتہ 19 جولائی 2014 07:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جولائی۔2014ء)پاکستان کرکٹ ٹیم نے نئی ٹیم مینجمنٹ کی زیر نگرانی دورہ سری لنکا کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ جمعہ کے روزسے لاہور میں شروع ہو گیاہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلی مرتبہ ہیڈ کوچ وقار یونس ، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور ، فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن اوراسپن باولنگ کوچ مشتاق احمد کی نگرانی میں ٹریننگ کی۔

(جاری ہے)

سہ پہر کے سیشن میں قذافی سٹیڈیم میں نیٹ پر باولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کی گئی جبکہ رات گیارہ سے ساڑھے بارہ بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس سیشن ہو گا۔راولپنڈی میں آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے میچ میں شرکت کی وجہ سے سابق کپتان یونس خان اور عمر اکمل پریکٹس میں حصہ نہیں لے سکے ،کیمپ کے دوران 23 سے 25 جولائی تک پریکٹس میچ بھی کھیلا جا ئے گا۔ مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم دو ٹیسٹ میچز کی سیریزکیلئے2 اگست کو سری لنکا روانہ ہوگی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 6 اگست سے گال میں شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :