پارلیمنٹ ہاوٴس اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے ملزمان کی شناخت میں نادرا کا اہم کردار،،نادرا نے دونوں ریاستی اداروں پر حملے میں ملوث ملزمان کی تصویروں کے ذریعے ان کا ڈیٹا میچ کر کے وفاقی پولیس کو ریکارڈ فراہم کیا

ہفتہ 13 ستمبر 2014 08:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13ستمبر۔2014ء)پارلیمنٹ ہاوٴس اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے ملزمان کی شناخت میں نادرا کا اہم کردار،نادرا نے دونوں ریاستی اداروں پر حملے میں ملوث ملزمان کی تصویروں کے ذریعے ان کا ڈیٹا میچ کر کے وفاقی پولیس کو ریکارڈ فراہم کیا۔اسلام آباد کے علاوہ پنجاب اور کے پی کے دیگر شہروں سے بھی ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور ان ملزمان کا ڈیٹا متعلقہ پولیس کو فراہم کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاوٴس کے پر حملوں کے مقدمات میں مبینہ طور پر ملزمان کی گرفتاری میں وفاقی پولیس کو نادرا کی سب سے زیادہ مدد حاصل رہی ہے جس کے ذریعے پولیس اصل ملزمان کی گرفتاری میں کامیاب رہی۔

پولیس ذرائع کے مطابق نادر ا سے حاصل کیے گئے ڈیٹا کے ذریعے صرف پی ٹی وی حملہ کیس میں دو درجن سے زائد ایسے ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کی یکم ستمبر کو پی ٹی وی پر حملے کے دوران لی گئی تصاویر کے ذریعے انکا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق نادرا کی طرف سے تصاویر و دیگر شواہد کے ذریعے متعدد ملزمان کا ریکارڈ پہلے ہی حاصل کر لیا گیا ہے اور ریکارڈ کی تصدیق کے بعد تمام تفصیلات وفاقی و صوبائی پولیس کو فراہم کر دی گئی ہیں جس کے بعد ملزمان اصل ملزمان کی گرفتاری کا عمل جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نادرا کے ڈیٹا اور کے ذریعے اصل ملزمان کی گرفتاری میں سو فیصد مدد ملے گی اور کوئی بھی بے قصور بندہ گرفتاری کا شکار نہیں ہوگا۔