پی ٹی وی،وزیراعظم ہاوٴس پردھاوابولنے والے کارکنان کامکمل ڈیٹاوفاقی پولیس کوموصول ، اعلی پولیس حکام کا دھرنے ختم کرنے کیلئے آپریشن بارے غورشروع ،تجویز پیش کر دی

ہفتہ 13 ستمبر 2014 08:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13ستمبر۔2014ء)پارلیمنٹ ہاوٴس ،پی ٹی وی اوروزیراعظم ہاوٴس پردھاوابولنے والے کارکنان کامکمل ڈیٹاوفاقی پولیس کوموصول ہوگیا،اس ڈیٹاکے مطابق مذکورہ ریاستی اداروں پرحملہ کرنے والے ملزمان کے نام اورپتے پولیس کوفراہم کئے گئے ہیں ۔دوسری جانب وفاقی پولیس کے اعلیٰ حکام نے پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے جاری دھرنے کوختم کرنے کیلئے آپریشن بارے غورشروع کردیاہے اورمتعددحکام کی طرف سے یہ تجویزپیش کی گئی ہے کہ دھرنے کے شرکاء کوطاقت کے ذریعے ریڈزون سے باہرنکالاجائے تاہم وزارت داخلہ ،وزیراعظم ہاوٴس اورپولیس کی ہائی کمان نے اس تجویزسے مکمل اتفاق نہیں کیا،البتہ اس پرغورکیاجارہاہے ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ ہاوٴس ،وزیراعظم ہاوٴس اورپاکستان ٹیلی ویژن پرحملوں میں ملوث ملزمان کیخلاف گھیراتنگ کرنے کافیصلہ کرلیاہے ۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق نادراکے ذریعے ان تمام ملزمان کاڈیٹاحاصل کیاگیاہے جوپارلیمنٹ ہاوٴس سمیت ان مقامات پرحملے میں ملوث پائے گئے ہیں اوران کاتصویری ریکارڈسمیت دیگرشواہدسے پتہ لگایاگیاہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق نادرانے تینوں ریاستی اداروں پرحملے میں ملوث ملزمان کامکمل ڈیٹامتعلقہ صوبوں اوراضلاع کی پولیس کوبھی فراہم کردیاہے ،جس کے بعدپنجاب پولیس جلدہی ملوث ملزمان کوگرفتارکرلے گی تاہم خیبرپختونخواہ پولیس نے نادراکے ڈیٹاپرایسے ملزمان کوگرفتارکرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔دوسری جانب پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے شاہراہ دستورکوخالی کروانے کیلئے متعددپولیس حکام نے نئے آئی جی اسلام آبادکوطاقت کے استعمال کی تجویزدیدی ہے جس میں کہاگیاہے کہ شاہراہ دستورکواب طاقت کے ذریعے اس لئے بھی خالی کروانابظاہرآسان نظرآرہاہے کیونکہ دونوں جماعتوں کے 28،29روزسے جاری دھرنوں میں شرکاء کی تعدادبہت حدتک کم ہوچکی ہے ،تاہم مذکورہ تجویزسے پولیس کی ہائی کمان وزارت داخلہ اوروزیراعظم ہاوٴس نے ابھی تک اتفاق نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :