داعش پر حملو ں کیلئے امر یکی لڑاکا طیارے عراق کے خود مختار شمالی علاقے اربیل کا ہوائی اڈہ استعما ل کر یں گے‘ پینٹاگان،عراق میں داعش کیخلاف لڑنے والی سرکاری فوج اور کرد سکیورٹی فورسزکی مدد کیلئے فضائی بمباری کو وسعت دی جائیگی اور یہ فضائی مدد بہت ہی جارحانہ ہوگی،رئیر ایڈمرل جان کربی

ہفتہ 13 ستمبر 2014 08:55

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13ستمبر۔2014ء)امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے اعلان کیا ہے کہ دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کے جہادیوں پر فضائی حملوں کے لیے لڑاکا طیارے عراق کے خود مختار شمالی علاقے کردستان کے دارالحکومت اربیل کے ایک ہوائی اڈے سے بہت جلد پروازیں شروع کر دیں گے۔پینٹاگان کے پریس سیکریٹری رئیر ایڈمرل جان کربی نے ایک نیوز بریفنگ میں اس امر کی تصدیق کی ہے کہ لڑاکا طیارے اربیل سے اڑان بھریں گے لیکن انھوں نے اس کی مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا ہے۔

ترجمان نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ داعش مخالف کارروائی کے لیے اربیل کے ہوائی ڈے پر کس قسم لڑاکا طیارے بھیجے جائیں گے اور ان کی تعداد کیا ہوگی۔جان کربی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ابھی اس لڑاکا مشن سے متعلق بہت سے فیصلے کرنا باقی ہیں۔

(جاری ہے)

البتہ انھوں نے کہا کہ ''عراق میں داعش کے خلاف لڑنے والی سرکاری فوج اور کرد سکیورٹی فورسز البیش المرکہ کی مدد کے لیے فضائی بمباری کو وسعت دی جائے گی اور یہ فضائی مدد بہت ہی جارحانہ ہوگی''۔

پینٹاگان کے ترجمان نے جنگی مشن کی یہ تفصیل صدر براک اوباما کی جانب سے عراق اور شام میں داعش کے جنگجووٴں کے خلاف اعلان جنگ کے ایک روز بعد بتائی ہے۔امریکی صدر نے داعش کے خلاف تباہ کن جنگ کے حصے کے طور ان کے خلاف لڑنے والی مقامی فوجوں کی تربیت اور اسلحہ مہیا کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :