چار معروف کھلاڑی بدعنوانی کی زد میں آنے کے بعد پی سی بی کی جانب سے قومی کھلاڑیوں کو بدعنوانی سے بچنے کے لیے لیکچرزکا اہتمام ، آئندہ سال ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ تجربہ کار اور نوآموز تمام کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن لیکچرز دیئے جائیں گے،قومی ٹی20 کپ کے دوران سیالکوٹ اسٹالینز، کوئٹہ بیئرز، حیدرآباد ہاکس، کراچی ڈولفنز، راولپنڈی ریمز اور کراچی زیبراز کے کھلاڑیوں نے ان لیکچرز میں شرکت کی ، نگرانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی منیجرمیجر (ر) اظہر عارف کررہے تھے

منگل 23 ستمبر 2014 02:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23ستمبر۔2014ء)پی سی بی کی جانب سے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کے موقع پر کھلاڑیوں کو انسداد بدعنوانی کے حوالے سے لیکچرز دیئے گئے۔ گزشتہ چار سال میں پاکستان کے چار معروف کھلاڑی بدعنوانی کی زد میں آکر اپنے کرکٹ کیریئر کا خاتمہ کر چکے ہیں،ان میں سلمان بٹ،محمد آصف اور محمد عامر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں دھر لئے گئے تھے جبکہ اسپنر دانش کنیریابھی کاونٹی کرکٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام کی زد میں آئے۔

(جاری ہے)

آئندہ سال ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ تجربہ کار اور نوآموز تمام کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن لیکچرز دیئے جائیں گے۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران سیالکوٹ اسٹالینز، کوئٹہ بیئرز، حیدرآباد ہاکس، کراچی ڈولفنز، راولپنڈی ریمز اور کراچی زیبراز کے کھلاڑیوں نے ان لیکچرز میں شرکت کی جن کی نگرانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی منیجرمیجر (ر) اظہر عارف کررہے تھے۔ لیکچرز میں سہیل تنویر، سرفراز احمد، محمد سمیع، عبد الرحمٰن، انور علی، خرم منظور، خالد لطیف، بلاول بھٹی ،شرجیل خان سمیت تمام کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ واضح رہے آل راونڈر شاہد خان آفریدی لیکچرز سے غیر حاضر رہے۔