صوبے کے حقوق اور وسائل پر اختیار کی جنگ بھر پور انداز میں شروع کی ہے،پرویز خٹک، اپوزیشن کا ہمارے خلاف واویلا غلط اور بے بنیاد ہے، مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں شرکت ضرورکروں گا، میٹرو بس کامنصوبہ ریلوے ٹریک پر بنانے کی فیزیبلیٹی رپورٹ بن گئی ہے،ریلوے سے لیز پر زمین لیکر منصوبے کو عملی جامہ پہنائیں گے ،صوبے کو 31 ارب روپے کی بچت ہوگی ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

اتوار 28 ستمبر 2014 09:07

نوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28ستمبر۔2014ء)وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم نے صوبے کے حقوق اور وسائل پر اختیار کی جنگ بھر پور انداز میں شروع کی ہے اپوزیشن کا ہمارے خلاف واویلا نہ صرف غلط اور بے بنیاد ہے بلکہ انکی مایوسی اور بد حواسی کا بھی غماز ہے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں شرکت ضرورکروں گا میٹرو بس کامنصوبہ ریلوے ٹریک پر بنانے کی فیزیبلیٹی رپورٹ بن گئی ہے پاکستان ریلوے سے لیز پر زمین لیکر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنائیں گے ریلوے نے پنجاب حکومت کو اجازت دی ہے اسلئے پشاور سے ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے ہمیں بھی اجازت دیں گے جس سے صوبے کو 31 ارب روپے کی بچت ہوگی وہ نوشہرہ میں وزیر اعلی کیمپ آفس میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک اور پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقیات میاں خلیق الرحمان بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشاو رمیں ٹریفک کا بے تحاشہ اور بے ہنگم دباؤ ختم کرنے کیلئے ناصر پور سے کارخانو مارکیٹ حیات آباد تک میٹر و بس منصوبہ شرو ع کرنے کااصولی فیصلہ کرلیا گیاہے جس کی فیزی بیلٹی رپورٹ بن چکی ریلوئے ٹریک پر میٹرو بس کامنصوبہ بنانے پر چودہ ارب روپے کا خرچ آئے گا جبکہ مین جی ٹی روڈ سے اس منصوبے پر چالیس سے 45 ارب روپے لاگت آئے گی چنانچہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلا س میں میٹرو بس سمیت دیگر میگا پراجیکٹ کے علاوہ بجلی کے خالص منافع اور اضافی گیس سے بجلی بنانے سے متعلق وفاقی حکومت کو بجٹ کی فراہمی پر بات کروں گا مشترکہ مفادات کونسل کی تاریخ کااعلان کیا گیا تو اگلے اجلاس میں ضرور شرکت کروں گا انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بے پرکیاں نہ اڑائے انہوں نے کہا کہ فیصلے کا حق عوام کے پا س ہے اور عوام نے تما م ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ سے کامیاب کروایا حتیٰ کہ دھرنو ں کے دوران بھی ڈی آئی خان کی نشست بھاری اکثریت سے ہمیں جیت دلوائی اسکی بدولت مولانا لطف الرحمان اور مولانا فضل الرحمن سمیت جے یو آئی، پی پی پی ، پی ایم ایل این کو اپنے حیثیت کا اندازہ لگ چکا اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ہم نے یہ انتخاب جیتا اور ہم اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہیں کہ آئندہ بھی کوئی انتخاب آیا تو ہم عوامی قوت سے ان کا مقابلہ کریں گے

پرویز خٹک نے کہا کہ مسلم لیگ ن کاوائٹ پیپر اور خیبرپختو نخوا میں اپوزیشن کے تمام الزامات کو مسترد کرتاہوں اس میں کوئی حقیقت نہیں ہم اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں پر من وعن عمل کررہے ہیں ہم نے صوبے میں کرپشن لوٹ کھسوٹ اور چور بازاری کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں صوبے میں تاریخ ساز قانون سازی کرکے کرپشن کے راستوں کو روکنے ،تعلیم و صحت، اطلاعات تک رسائی، عوامی حقوق، نئے بلدیاتی نظام میں اختیار ات عوام تک منتقل کرنے اور کرپشن کے خاتمے کیلئے احتساب کاشفاف اور غیر جانبدار نظام کوقانون سازی کے ذریعے عملی جامہ پہنایا تاکہ آنے والے وقت میں بھی یہ عمل جاری رہے انہوں نے کہا کہ پچھلے سال بھی ترقیاتی بجٹ لیپس نہیں ہوا بلکہ جاری سکیموں پرخرچ کیا گیااور اس سال بھی صوبے کی یکساں ترقی پر خرچ ہوگا افسوس کہ سابقہ دور میں لوٹ کھسوٹ اور چوری چکاری کے سارے ریکارڈ توڑے گئے اس لیے اپوزیشن وہ پرانے مزے دیکھنا چاہتی ہے ہم نے ترقیاتی فنڈ میں کمیشن کلچر کو ختم کرنے کے لئے کنسلٹنٹ کا نظام رائج کیا ا س نے کچھ وقت لیا مگر آئندہ تمام میگا پراجیکٹس بروقت اور معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچیں گے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہم نے صوبے میں بجلی اور گیس کے خالص منافع، اضافی گیس سے بجلی بناکر صنعتی بستیاں قائم کرنے اور ملک میں توانائی بحران ختم کرنے کے چھوٹے پن بجلی گھروں کے ذریعے عوام کوسستی بجلی فراہم کرنے، اٹھارویں آئینی ترمیم میں صوبے کے وسائل کو ترقی دینے کیلئے وفاقی حکومت کو کئی اسکیمیں بھجوائیں مگر افسوس کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں کوئی میگا پراجیکٹ شرو ع نہیں کیا اور نہ بجٹ میں رقم مختص کی جس سے ہمارے چھوٹے صوبے میں احساس محرومی پیداہواپرویز خٹک نے کہا کہ ہم کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے عوام نے ہمیں صوبے کی ترقی اور تبدیلی کے لیے ووٹ دیا اور ہم تبدیلی لاکر دم لیں گے۔