سیلاب متاثرین کو مالی امداد کی ادائیگی کیلئے اربوں روپے کا تاریخی پیکیج دیاہے ،ادائیگی یکم اکتوبر سے شروع کر دی جائے گی ،پہلے مرحلے میں تمام سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کو مکانات کے نقصان کے ازالے کیلئے فی کس 25ہزار روپے کی پہلی قسط ادا کی جائے گی،عید پر متاثرین میں خصوصی عید گفٹس تقسیم کئے جائیں گے ،متاثرین کو پکا ہوا کھانا بھی فراہم کیاجائے گا،شہبازشریف ، ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کی طرح متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی کے عمل کی خود نگرانی کروں گا ،صوبائی وزراء ء28ستمبر تک اپنے متعلقہ اضلاع میں پہنچ جائیں ،،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اجلاس سے خطاب

اتوار 28 ستمبر 2014 08:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کی غرض سے مالی امداد کی ادائیگی کیلئے اربوں روپے کا تاریخی پیکیج دیاہے -پہلے مرحلے میں تمام سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کو ان کے مکانات کے نقصانات کے ازالے کے لئے فی کس 25ہزار روپے کی پہلی قسط کی ادائیگی کا آغاز یکم اکتوبر سے کر دیا جائے گا- دوسرے مرحلے میں سروے کی بنیاد پر تخمینہ جات لگا کر متاثرین کو گھروں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی دوسری قسط ادا کی جائے گی-دوسری قسط کی ادائیگی 20اکتوبر سے شروع ہوگی ،یہ بات انہو ں نے آج یہاں کابینہ کمیٹی برائے فلڈ ریلیف کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی-ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متاثرین کو مالی امداد کی ادائیگی کے نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی -صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ، ڈاکٹر فرخ جاوید، بلال یاسین، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری،سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو ان کے نقصانات کی ادائیگی مہینوں نہیں بلکہ دنو ں میں کی جا رہی ہے-مکانات او رفصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے سروے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے گا-حقداروں کو ان کا حق ہر صورت ملے گا -

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی وزراء28ستمبر تک اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں پہنچ جائیں-ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کی طرح متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی کے پورے عمل کی میں خود نگرانی کروں گا -انہوں نے کہاکہ جن دیہات میں پانی موجود ہے وہاں کے لوگوں کو راشن کی فراہمی کا کام جاری رکھا جائے - ادائیگی کے لئے قائم خصوصی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں -انہو ں نے کہاکہ عید پر متاثرین میں خصوصی عید گفٹس بھی تقسیم کریں گے اور سیلاب متاثرین کو عید پر پکا ہوا کھانا بھی فراہم کیا جائے گا-انہوں نے کہاکہ جہاں ضرورت ہو ان علاقو ں میں بیس ریلیف کیمپس کے تحت سہولتوں کی فراہمی جاری رہنی چاہیے-جن علاقو ں میں پانی ا بھی تک کھڑا ہے اس کا نکاس یقینی بنایا جائے -کسی بھی وبائی مرض کی روک تھام کے لئے کھڑے پانی کی ٹریٹمنٹ کی جائے - وزیراعلیٰ نے امدادی و بحالی سرگرمیوں میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی کارکردگی کو سراہا-ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متاثرین کو ادائیگی کے لئے متاثرہ علاقو ں میں سنٹرز قائم کئے جا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :