سابق نگران وزیر اعلی پنجاب نجم سیٹھی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کیخلاف دائر ایک ارب روپے کے ہرجانے کی درخواست کی سماعت 10اکتوبر تک ملتوی

اتوار 28 ستمبر 2014 08:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28ستمبر۔2014ء) ایڈیشنل سیشن جج نے سابق نگران وزیر اعلی پنجاب نجم سیٹھی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے خلاف دائر ایک ارب روپے کے ہرجانے کی درخواست کی سماعت 10اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے ۔ گزشتہ روز عمران خان کے وکیل کی جانب سے عدالت میں وکالت نامہ داخل نہ کرائے جانے کی بناپر درخواست میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے مذکورہ درخواست بیرسٹر عثمان غنی کی وساطت سے دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے گیارہ اگست کو اپنی ایک پریس کانفرنس میں بغیر کسی ثبوت کے درخواست گزار پر الیکشن میں دھاندلی کے بے بنیاد الزامات عائد کئے تھے جس کی وجہ سے درخواست گزار کی ساکھ اور شہرت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فاضل عدالت بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر درخواست گزار کو عمران خان سے ایک ارب روپے ہرجانہ دلوائے ۔