وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں عید سے دو روز قبل ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا،عید کے موقع پر اسلام آباد کے ریڈ زون میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے ، ریڈ زون کے گرد نواح میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے گی، وزارت داخلہ نے چیف کمشنر کو تحریری طور پر آگاہ کردیا

اتوار 28 ستمبر 2014 08:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28ستمبر۔2014ء) وفاقی وزارت داخلہ نے دارالحکومت اسلام آباد میں عید سے دو روز قبل ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ چیف کمشنر کے قریبی ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ وزارت داخلہ کی خصوصی ہدایت کے پیش نظر عید کے موقع پر دارالحکومت کے اسلام آباد کے ریڈ زون میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے جبکہ ریڈ زون کے گرد نواح میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے گی۔

اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے چیف کمشنر کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔ امکان یہی ہے کہ عید سے چند روز قبل اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف نے عید سے تین روز قبل کور کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ملتان میں جاوید ہاشمی کے حلقے میں ضمنی الیکشن ‘ پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے‘ کے پی کے حکومت سمیت اہم امور پر کور کمیٹی میں فیصلے ہوں گے جبکہ عید کے حوالے سے احتجاجی دھرنے میں لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی ہدایت پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے اجتماعی اور انفرادی قربانی کا سلسلہ بھی کیا جائے گا۔ اس حوالے سے عمران خان اور طاہر القادری میں مشاورت جاری ہے جس میں اجتماعی قربانیوں کے حوالے سے دونوں قائدین مشترکہ حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر فیصلوں سے متعلق کور کمیٹی سے اجازت لی جائے گی کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کریں گے۔