مالا کنڈ ایجنسی ،شانگلہ ،مردان،پشاوراور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے ،ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5ریکارڈ، لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے

پیر 29 ستمبر 2014 07:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء)پشاور شہر سمیت خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں گذ شتہ شب 4بجے کے قریب زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز افغانستان کاہندوکش ریجن تھا۔

(جاری ہے)

زلزلے کے جھٹکے سوات،چترال،اپر اور لوئر دیر ،مالا کنڈ ،شانگلہ، بونیر اورمردان میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے باعث لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے تاہم ابتدائی طورپر کوئی مالی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں 31.02 کلو میٹر زیر زمین تھا۔