لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور فون سروس معطل ہونے سے لوگوں کو شدیدپریشانی کا سامنا،ایجرٹن روڈ پرواقع پی ٹی سی ایل بلڈنگ میں آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا ٹیلی فون ایکسچینج جل جانے سے الفلاح بلڈنگ مال روڈسمیت پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ اور دیگر اہم ترین سرکاری اور غیرسرکاری اداروں کے45ہزار ٹیلیفون اور25ہزار انٹرنیٹ کنکشن بند ہوگئے ‘ علاقہ میں یوفون کی سروس بھی متاثر‘ریسکیو،ریلوے،پولیس اورایئرپورٹ سمیت بیشتر ہیلپ لائنز بھی بندہوگئیں

پیر 29 ستمبر 2014 07:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء)پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے اہم ترین علاقے مال روڈسمیت شہرکے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور فون سروس معطل ہونے سے لوگوں کو شدیدپریشانی کا سامنا ہے تفصیلات کے مطابق ایجرٹن روڈ پرواقع پی ٹی سی ایل بلڈنگ میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بھڑکنے والی آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا ٹیلی فون ایکسچینج جل جانے سے الفلاح بلڈنگ مال روڈسمیت پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ اور دیگر اہم ترین سرکاری اور غیرسرکاری اداروں کے45ہزار ٹیلیفون اور25ہزار انٹرنیٹ کنکشن بند ہوگئے ہیں اور علاقہ میں یوفون کی سروس بھی متاثرہوئی ہے ریسکیو،ریلوے،پولیس اورایئرپورٹ سمیت بیشتر ہیلپ لائنز بھی بندہوگئی ہیں۔

فائربریگیڈحکام کے مطابق ایجرٹن روڈ پرواقع پی ٹی سی ایل بلڈنگ میں رات تقریباً2بجے اچانک آگ بھڑک اْٹھی۔

(جاری ہے)

آگ نے7منزلہ عمارت کی اوپر والی3منزلوں کو لپیٹ میں لے لیا۔فائربریگیڈ حکام کے مطابق اوپر والی تینوں منزلوں کو کلیر کردیا گیا ہے۔تاہم بلڈنگ میں ابھی بھی وقفے وقفے سے آگ بھڑک اٹھتی ہے۔آتشزدگی کے باعث ٹیلی فون ایکسچینج سمیت دیگر تنصیبات کو شدید نقصان پہنچاہے۔

پی ٹی سی ایل حکام کے مطابق آتشزدگی سے45ہزار ٹیلی فون لائنز اور25ہزار کے قریب انٹرنیٹ کنکشنز بند ہو گئے۔

مال روڈ‘کوئنز روڈ،ایجرٹن روڈ،ڈیوس روڈ،گوالمنڈی،مغلپورہ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے ٹیلی فونز بندہیں۔متاثرہ ٹیلیفون لائنز کو عارضی طور پر گارڈن ٹاؤن ایکسچینج کیساتھ منسلک کرنے کا کام شروع کر دیا گیاہے۔تاہم اس کام میں 8سے10گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

دوسری جانب اصل صورتحال یہ ہے کہ شہر کے بیشتر حصوں میں ٹیلیفون اور انٹر نیٹ کنکشنزکے علاوہ یو فون کی سروس بھی متاثرہوئی ہے جبکہ ریسکیو،ریلوے،پولیس اور ایئرپورٹ سمیت بیشتر ہیلپ لائنز بھی بند ہیں۔ڈی سی او لاہورکیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان یونس کے مطابق بلڈنگ میں لگنے والی آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اس میں جلے سامان کا تخمینہ بعد میں لگایا جائے گا۔حکام کے مطابق سروسسزکی مکمل بحالی میں تین سے چار روز درکار ہیں۔